اچھے موضوعات پر صاف ستھری اور معیاری فلمیں بنائی جائیں،ریشم
لاہور (فلم رپورٹر) معروف اداکارہ و ماڈل ریشم نے کہاہے کہ ٹی وی کی طرح فلم انڈسٹری میں بھی اچھے موضوعات لے کر صاف ستھری اور معیاری فلمیں بنائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلمیں بنیں گی تو سنیماؤں کی رونق میں اضافہ ہوگا۔اس وقت جب کہ پاکستان میں فلمیں بننا شروع ہوئی ہیں اس بات کی امید ہوچلی ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی فلم انڈسٹری ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گی لیکن ضرورت اس بات کی ہے جس طرح ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اچھا اور معیاری کام ہو رہا ہے اسی طرح فلم انڈسٹری میں بھی اچھے موضوعات لے کر صاف ستھری اور معیاری فلمیں بنائی جائیں۔ریشم نے کہا کہ ضروری نہیں ہے کہ ہم بڑے بجٹ کی فلمیں بنائیں کم بجٹ کی فلمیں بھی آج کے دور میں زیادہ کامیاب ثابت ہوسکتی ہیں لیکن فلم کا معیارا چھا ہونا چاہیے جو کہ لوگوں کو سینما گھروں میں واپس آنے پر مجبور کر دے ۔