ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کرنیوالوں کو سامنے لاکر عبرتناک سزادی جائے: عبدالغفور حیدری

ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کرنیوالوں کو سامنے لاکر عبرتناک سزادی جائے: ...

جیکب آباد(آئی این پی) ڈپٹی چیئر مین سینٹ و جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنمامولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کرنے والوں کو سامنے لاکر عبرتناک سزادی جائے ،میاں نوازشریف کے متعلق ججز کے فیصلے تضحیک آمیزتھے ،کرپشن ملک کو کھاگئی ہے دہشت گردی بھی اسی وجہ سے ہے ،متحدہ مجلس عمل جلد بحال ہوگی ،الیکشن نئی حلقہ بندی کے تحت ہو یا پرانی بلوچستان کو ہر ضلع پر ایک قومی اسمبلی کی نشست دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آبادمیں ای ٹی او عبدالوحید تھیم سے والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پرجے یوآئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری ،،مولانا عبدالجبار رند،تاج محمود امروٹی ودیگر موجودتھے۔مولانا عبدالغفور حیدر ی نے کہاکہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کے مسئلے پر جے یوآئی سب سے زیادہ حساس تھی ،ہم پارلیمنٹ میں اس معاملے پر کامیاب ہوئے اورختم بنوت حلف نامے کو من وعن بحال کرایا ،قادیانیوں کی حیثیت کے حلف نامے بھی اصل حالت میں بحال ہوئے اسمبلی میں متفقہ طورپر سیون بی ،سیون سی منظورکروائی ،اس طرح ختم نبوت کاقانون مزید محفوظ ہوگیا ،اب کوئی مائی کا لال اسمبلی میں ترمیم کے ذریعے بھی ختم نبوت کے قانون کو تبدیل نہیں کرسکتا۔انہوں نے اسلام آباد دھرنے کے متعلق کہا اگر اسمبلی میں ہم کامیاب نہ ہوتے تو ہم بھی دھرنادیتے ،ختم نبوت قانون پر کوئی مصلحت یا سودے بازی نہیں ہوسکتی ،اللہ کا شکرہے حکومت نے ہو ش کے ناخن لیے اور اس مسئلے کی حساسیت کا احساس ہوا ،انہوں نے کہاکہ ختم نبوت قانون میں تبدیلی کے متعلق بنائی گئی کمیٹی وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی اور وزیر اعظم کی ذمے داری ہے کہ اس کے ذمے داروں کو سامنے لاکر عبرتناک سزادی جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عام انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہو ں یا پرانی پر، بل دوتہائی اکثریت سے قومی اسمبلی میں پاس ہوگیاہے سینیٹ میں پیش ہونا باقی ہے۔انہوں نے کہابلوچستان ترقی کے لحاظ سے بہت پیچھے ہے بلوچستان کو فی اضلاع پر ایک قومی اسمبلی کی نشست دی جائے ،صوبہ بلوچستان کی نشستیں فیصل آباد ڈویژن جتنی بھی نہیں ہیں ،بلوچستان کو 34قومی سیٹیں دی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے متعلق ججزکے فیصلوں پر ڈر ڈر کر بات کررہاہوں ،ججز کے فیصلوں میں تضحیک اورمذاق طنز شامل تھاججز فیصلوں میں شعر وشاعری نہیں کرتے۔ کرپشن ملک کو کھاگئی اورملک کا دیوالیہ نکال دیاہے جس کے باعث ملک معاشی طور پر غیر مستحکم ہواہے ،دہشت گردی بھی اسی کے سبب ہے ،دہشت گردی اورکرپشن پر قابو پایاجائے ۔

عبدالغفور حیدری

مزید : علاقائی