امریکہ کو بھارت کی طرف جھکاؤ کم کرکے اس کیخلاف کارروائی کرنا ہو گی ، ورنہ طاقت کا توازن بگڑ جائیگا

امریکہ کو بھارت کی طرف جھکاؤ کم کرکے اس کیخلاف کارروائی کرنا ہو گی ، ورنہ ...
 امریکہ کو بھارت کی طرف جھکاؤ کم کرکے اس کیخلاف کارروائی کرنا ہو گی ، ورنہ طاقت کا توازن بگڑ جائیگا

  



لاہور(جاوید اقبال) مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور خارجہ امور کے ماہرین نے کہا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاست دانوں کو یک جا ہوجانا چاہئے پاکستان کے خلاف اس وقت امریکہ بھارت اسرائیل کٹھ جوڑ مضبوط ہو رہا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے سب سیاست دانوں کو یک جا ہو کر اور یک زبان ہو کر امریکہ کو پیغام دینا ہوگا کہ پاکستان کی سیاسی مذہبی اور عسکری قیادت ایک پچ پر کھڑی ہے امریکہ کو بھارت کی طرف اپنا جھکاؤ کم کرنا ہو گا اور افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں دہشت گردی سمیت دیگر نت نئی سازشیں کرنے والے بھارت کے خلاف کاروائی کرنا ہو گی امریکہ نے ایسا نہ کیا تو خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑ جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف لڑی جانے والی کامیاب جنگ پر منفی اثرات مرتب ہونگے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے پاکستان کے سلسلے ایشو آف دی ڈے میں کیا ،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنماء اور وفاقی وزیر مملکت دانیال عزیز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے دنیا کی جنگ لڑی ہے اور بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اب وقت آگیا ہے کے امریکہ خود ڈو مور کرے انہوں نے کہا کے امریکہ کو بتا چکے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے امریکہ اس کا نوٹس لے پاکستان میں تازہ دہشت گردی کی لہر کے پیچھے بھی بھارت کا ہاتھ ہے ۔

دانیال عزیز

لاہور(جنرل رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کی کمزور خارجہ اور داخلہ پالیسی کی بدولت بھارت خطے میں بد امنی پھیلا رہا ہے وہ ایشو آف دی ڈے میں گفتگو کر رہے تھے شیخ رشید نے کہا کے بھارت دہشت گردوں کی سرپرستی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیاں بھی کر رہا ہے حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ بھارت اور امریکہ کا اصل چہرہ اقوام عالم سامنے لاتے اور اس کے لئے سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ صحافتی محاذ گرم کئے جاتے مگر حکومت اس میں ناکام رہی ہے اور بھارت کی سینا زوری کے خلاف حکومت ایک لفظ نہیں کہتی جس کیوجہ سے بھارت افغانستان میں بیٹھ کر سازشیں کر رہا ہے

شیخ رشید

لاہور(جنرل رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنمااور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ دہشت گرد ایک فعہ پھر متحرک ہو رہے ہیں جس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے بھارت پاکستان میں بد امنی پھیلا کر سی پیک کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے وہ ایشو آف دی ڈے میں گفتگو کر رہے تھے رحمان ملک نے کہا کے دنیا جان چکی ہے کہ امریکہ خود دہشت گردی کو ختم نہیں کروانا چاہتا اور وہ اس مقصد کے لئے افغانستان میں بھارت کو مضبوط کر رہا ہے مگر حکومت کی کمزوری صاف ظاہر ہے چونکہ کمزور حکومت ہر محاذ پر فیل ہو رہی ہے اس کا نقصان ملک کو ہو رہا ہے

رحمن ملک

مزید : صفحہ اول