سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا
اسلام آباد (آئی این پی ) پاک چین اقتصادی راہداری کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس 20 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ترجمان وزارت منصوبہ بندی عاصم خان کے مطابق اجلاس کے پہلے مرحلے میں 20 تاریخ کو دونوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام، اقتصادی راہداری سے متعلقہ وزارتوں کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہو گا، دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اور مستقبل کے منصوبوں پر تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔ عاصم خان کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکریٹری منصوبہ بندی شعیب صدیقی اور ان کے چینی ہم منصب اعلیٰ حکام کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کریں گے، اجلاس میں مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ترجمان وزارت منصوبہ بندی کے مطابق مشترکہ کمیٹی کا باضابطہ اجلاس 21 نومبر کو ہوگا، اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور ان کے چینی ہم منصب کریں گے، مشترکہ کمیٹی مستقبل کے اہم مشترکہ منصوبوں کی منظوری دے گی۔
تعاون کمیٹی