جیل یا موت سے نہیں ڈرتا ، نظر ثانی کی اپیل عوام کی عدالت میں دائر کر دی : نواز شریف

جیل یا موت سے نہیں ڈرتا ، نظر ثانی کی اپیل عوام کی عدالت میں دائر کر دی : نواز ...

  



ایبٹ آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جیل جانے سے یا موت نہیں ڈرتا، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں ہار جاؤں گا تو ان کی بھول ہے میں ہارنے والا نہیں،عوام نے مائنس نواز شریف کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے ۔کوئی عدالتی فیصلہ عوام سے تعلق نہیں توڑ سکتا، عوام کی عدالت میں نظرثانی اپیل دائر کرنے آیا ہوں اور وہیں فیصلہ دیں گے۔ایبٹ آباد کے کالج گراؤنڈ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف ایک نظریے کا نام ہے، جو پاکستان میں انقلابی تبدیلی لے کر آئے گا۔نواز شریف نے کہا کہ پاناما کیس کی نظرثانی اپیل کے عدالتی فیصلے میں سوال اٹھایا گیا کہ قافلے کیوں لٹتے رہے، ہمیں معلوم ہے اور اس قوم کو بھی معلوم ہے کہ آپ نے کبھی راہزنوں سے کوئی گلہ نہیں کیا، آپ نے تو 70 سال میں کسی راہزن سے سوال تک نہ کیا اور کسی راہزن کو کٹہرے میں بھی نہیں لائے۔نواز شریف نے کہا کہ پرویز مشرف کو کٹہرے میں بھی نہیں لایا گیا، کوئی سوال تک نہ پوچھا گیا بلکہ ان کے ہاتھ پر بیعت کی گئی، آئین سے وفاداری کا حلف لے کر پی سی او کے حلف لیے گئے، اس سوال کا جواب یہ جج دے سکتے ہیں جو منصف بنے ہوئے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئین اسی وجہ سے بے توقیر ہوتا رہا، قافلے اس لیے لٹتے رہے اور جمہوریت بار بار پٹری سے اترتی رہی، منتخب نمائندوں کے ساتھ کیا ہوتا رہا اور آئین لوٹنے والوں کے ساتھ کیا ہوا، ان سوالات کے جواب جج ہی دے سکتے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ آج عوام کی عدالت میں اپیل دائر کرنے آیا ہوں اور عوام نظرثانی اپیل کا فیصلہ دیں گے، ایسا فیصلہ جس کی گونج دور دور تک سنائی دے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نہ جیل سے ڈرتا ہے اور نہ موت سے لیکن پاکستان کے عوام کو ان کی خدمت ساری زندگی گزار سکتا ہوں، آنے والی نسلوں کے کام آنے پر فخر ہوگا۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کو دیکھ کر 2013 کا دور یاد آرہا ہے اس وقت بھی عوام نے اسی محبت کا اظہار کیا تھا اور آج بھی عوام اسی جذبے سے مجھ سے دلی محبت رکھتے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالتی فیصلے میرے اور عوام کے تعلق کو توڑ نہیں سکتے۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 سے قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی امن و امان کی صورتحال بدتر ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت ڈوب رہی تھی لیکن ہم نے عوام کو امن کا تحفہ دے کر بیرونی سرمایہ کاری لائی اور بجلی کے نئے منصوبے لگا کر عوام کو لوڈشیڈنگ کی مصیبت سے چھٹکارا دلایا، دہشت گردی ختم ہونے کو آچکی ہے۔ پورے ملک بالخصوص ایبٹ آباد میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ہم نے عوام کی خدمت کرکے عوام کی محبت سمیٹی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میں ہار جاؤں گا تو ان کی بھول ہے میں ہارنے والا نہیں، مجھے عہدہ سنبھالتے ہی دھرنوں کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم ترقی اور خوشحالی کے کاموں میں لگے رہے ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو ایک مرتبہ پھر عدم استحکام کا شکار کردیا گیا ہے، اگر عوام نواز شریف کا ساتھ دیں تو سب کچھ بدل دیں گے اور یہ سب کچھ بدلنا ہوگا، یہ ناانصافی، جھوٹے پیمانے بدلنے ہوں گے۔نواز شریف نے کہا کہ پاناما کا ڈرامہ رچایا گیا، جس پٹیشن کو فضول کہہ کر خارج کیا گیا وہ بعد میں مقدس ہوگئی، میرے خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، واٹس ایپ کا تماشا لگا، پھر کچھ انمول ہیرے تلاش کیے گئے۔ نواز شریف نے کہا کہ جے آئی ٹی بنائی گئی جس کے سامنے مجھ سمیت میرے صاحبزادے اور بیٹی بھی پیش ہوئی، لیکن سب کچھ کرنے کے باوجود نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن سامنے نہ آسکی۔انہوں نے کہا کہ جب ساری کوششیں ناکام ہوگئیں تو کہا گیا کہ نواز شریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اس وجہ سے نااہل قرار دیے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا میں نے عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعظم ہاؤس چھوڑا اور گھر چلا گیا لیکن عوام نے اس فیصلے کو قبول کرنے سے انکار کردیا کیوں کہ 4، 5لوگ کروڑوں عوام کی قسمت کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ آج ایبٹ آباد کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ میرا کوئی قصور نہیں تھا مجھے بلاوجہ سزا سنائی گئی ۔ انہوں ںے کہا کہ ہم نے اپنی انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کیا جا رہا ہے ۔عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ شعبدہ باز کہتے تھے ہم 90 دنوں میں کرپشن کا خاتمہ کردیں گے، اربوں درخت لگانے کا کہنے والے اربوں روپے کھا گئے لیکن ایک واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔

نوازشریف

ایبٹ آباد(این این آئی)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمو د خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم لڑنے والے لوگ نہیں لیکن جو ہاتھ آئین کی طرف بڑھے گا اسے مروڑ دیں گے۔مسلم لیگ ( ن) کے ایبٹ آباد جلسے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ وعدہ کرناہوگا کہ کسی کو بھی آئین سے کھیلنے نہیں دیں گے ٗہم سب نوازشریف کے ساتھ ہیں ۔ان کا کہناتھاکہ یہ ملک سب کامشترکہ ملک ہے،مشکل حالات میں یہاں آکرہزارہ عوام نے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا۔محمود اچکزئی کا کہناتھاکہ آئین ایک مقدس امانت ہوتی ہے،ہم لڑنے والے لوگ نہیں لیکن جوہاتھ آئین کی طرف بڑھے گااسے مروڑدیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو آئین نہیں مانتاہم اسے نہیں مانتے،یہ وعدہ کرناہوگاکہ کسی کو بھی آئین سے کھیلنے نہیں دیں گے۔

محموداچکزئی

مزید : صفحہ اول