ممتاز دانشور، کالم نگاراور سابق انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار احمد چیمہ کی نئی کتاب ’’دو ٹوک‘‘شائع ہوگئی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ذوالفقار چیمہ کی پہلی کتاب "دو ٹوک باتیں" بڑی مقبول ہوئی تھی۔ اب انکی دوسری کتاب بھی چھپ گئی ہے۔ جس میں پاکستانی قوم کو لاحق امراض کی تشخیص بھی ہے اور اسکا علاج بھی۔ سول ملٹری تعلقات کا ایک محب وطن دانشور کی نگاہ سے دردمندانہ اور بیباک تجزیہ کیا گیا ہے اور تمام فریقین کو انکی ذمّہ داریوں کا احساس دلایا گیا ہے، جسکا مطالعہ سیاست میں دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کیلئے بے حد ضروری ہے۔ کتاب میں موجودہ اور مستقبل کے سول سرونٹس کی راہنمائی کیلئے بڑی اہم تحریریں ہیں۔مصنّف نے (جو خود نوجوان افسروں کیلئے رول ماڈل ہیں) اپنے " رول ماڈل "پر بھی اہم مضمون لکھا ہے۔مصنّف نے پہلی بار تھانہ کلچر میں بہتری اور کرپشن کے خاتمے کا قابلِ عمل حل دیا گیا ہے۔ جسکا مطالعہ ہر پولیس افسر اور ہر سرکاری ملازم کیلئے بڑا مفید ہے۔ خطرناک ترین مجرموں سے مڈ بھیڑ کے دلچسپ واقعات بھی ہیں اور ملک کی تقدیر بدلنے کے نسخے بھی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا ذکر بھی ہے اور انہیں تقسیم کرنے کی سازش کی نشاندہی بھی۔ اہم غیر مسلم شخصیات کے اسلام قبول کرنے اور دنیا میں ہی سزا وجزا ملنے کے روح پرور واقعات بھی ہیں۔کتاب میں عمران خان سے مصنّف کی اہم ملاقات کا حال بھی ہے اور خدشات کا ذکر بھی۔ مصنّف کی چند معرکۃ الآ راء تقریروں کا دلچسپ تذکرہ بھی ہے۔ کئی ملکوں کے دلچسپ اور معلومات افزا سفر نامے بھی ہیں۔ زراعت کی زبوں حالی کا ذکر بھی ہے اور اسکی بہتری کیلئے ایسی سفارشات دی گئی ہیں جو ہر کسان کی دلچسپی کا باعث ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف کے نام بڑے اہم نوعیّت کے خط بھی ہیں۔ اہم ترین موضوعات پر ایسے مضامین ہیں جنکا مطالعہ ہر ٹیچر کیلئے بے حد مفید ہے۔ طنزو مزاح پر مشتمل تحریریں بھی ہیں۔ مصنّف کے کچھ مضامین رلاتے ہیں ، کچھ ہنساتے ہیں اور کچھ گدگداتے ہیں۔ یہ کتاب سنگِ میل پبلشرز (لاہور) نے شائع کی ہے۔