نواز شریف نے 15ارب میں جاتی امرا کی جاگیر فروخت کر دی، طاہر القادری

نواز شریف نے 15ارب میں جاتی امرا کی جاگیر فروخت کر دی، طاہر القادری

  



لاہور ( این این آئی)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے اطلاع ہے کہ نواز شریف نے 15ارب روپے میں جاتی امراء کی تین ہزار کنال کی جائیداد فروخت کر دی جس کی رقم لندن میں وصول کی جائے گی، اقتدار کے سوا پاکستان میں پہلے بھی ان کا کچھ نہیں تھا، اب اقتدار بھی چلا گیا ،قومی اداروں کو رسوا کرنے کے ایجنڈے کو مکمل کرنے میں ناکام شخص اقتدار سے محرومی پر وہی ایجنڈا مکمل کرنا چاہتا ہے،خدا جانے قومی ادارے اس قاتل اور لٹیرے کو کس وجہ سے برداشت کررہے ہیں ، نواز شریف اور شہباز شریف دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ان کا طریقہ واردات جدا جدا ہے۔وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لوٹ مار سے متعلق کسی سوال کا عدالت میں جواب نہیں دیا ۔ایسے لٹیروں کو تو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہئے، یہ سچے ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں اور بیگناہی کے ثبوت دیں ۔جس عوام کی جیبوں پر انہوں نے ڈاکے ڈالے آج انہیں سے ہی خطاب کررہے ہیں اور مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی منصوبہ بندی وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی عمل درآمد وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب میں ہوا ۔ ساڑھے تین سال گذر جانے کے بعد بھی14شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا۔ جسٹس باقر نجفی رپورٹ میں قاتلوں کے نام اور پتے درج ہیں،رپورٹ کے پبلک ہونے سے قاتلوں کو نکالے جانے کا جواب بھی مل جائے گا۔ نیب کی طرف سے لٹیروں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری کے باوجود حکومت میں بیٹھی خائن کی باقیات ان کا تحفظ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف قومی ادروں کے خلاف بغاوت کا اعلان کرچکے ہیں، دیکھتے ہیں قانون ان کے خلاف حرکت میں کب آتا ہے۔

مزید : صفحہ آخر