احتساب کے نام پر انتخابات میں تاخیر قبول نہیں ہو گی: سراج الحق

احتساب کے نام پر انتخابات میں تاخیر قبول نہیں ہو گی: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر انتخابات کا التواء قبول نہیں کیا جائے گا ، ہمار امطالبہ ہے کہ احتساب صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ تمام کرپٹ عناصر اور پنامہ لیکس میں سامنے آنے والے مزید 435افراد کا احتساب کیا جائے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو سخت سزا دی جائے ، نامو س رسالت ؐ اور عقیدہ ختم نبوت ؐ کے قوانین میں کسی بھی قسم کی ترامیم اور ان قوانین کو بے اثر کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے اصل قوانین کی بحالی خوش آئند ہے تاہم اس کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا حکومتی وعدہ ابھی پورا نہیں ہوا ہے ، حکومت اپنا وعدہ پورا کرے اور ذمہ داران کو سزا دے ، کراچی کے مسائل کے حل کی ذمہ داری صوبائی و بلدیاتی حکومت کی ہے ۔ ۔ کراچی کے عوا م سے بار بار مینڈیٹ لینے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ، جماعت اسلامی عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ’’رابطہ عوام مہم ‘‘ کے سلسلے میں اتوار کے روز ککری گراؤنڈ میں ایک روزہ دعوتی و اصلاحی فیملی اجتماع عام سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع میں ہزاروں مرد و خواتین ، بچوں ، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اجتماع صبح 10بجے سے نماز مغرب تک جاری رہا ۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کے نائب امیر راشد نسیم، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی عبد الرشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ نظامت کے فرائض ناظم اجتماع عام و جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے سکریٹری سفیان دلاور اور ضلع جنوبی کے نائب امیر سید طاہر اکبر نے انجام دیے ۔اجتماع میں قومی خواتین کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی نے خطاب کیا ۔سراج الحق نے اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ لیاری میں ضلع جنوی کے عوام کو ایک عظیم الشان فیملی اجتماع کے انعقاد پر ضلع جنوبی کے امیر عبد الرشید اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ جماعت اسلامی ایک ایسا ملک اور معاشرہ قائم کرناچاہتی ہے جہاں نیکی کرنا آسان اور بدی کرنا مشکل ہوں، جہاں کا نظام حکومت اسلامی اصولوں کے مطابق ہو، جہاں غریب ،مظلوم اور مجبور کو اس کا حق ملے۔ جماعت اسلامی فلاحی ریاست کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -