کالا شاہ کاکو، کیری ڈبہ، کار اور رکشہ میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 5جاں بحق

کالا شاہ کاکو، کیری ڈبہ، کار اور رکشہ میں تصادم، ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت ...

  



شیخوپورہ ،کالا شاہ کاکو( بیورورپورٹ ،نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو انٹر چینج کے قریب کیری ڈبہ، کار اور مسافر رکشہ کے درمیان المناک تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ 10سے زائد زخمی ، قلعہ ستار شاہ کے قریب مسافر ویگن الٹنے سے 6افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے فوری موقع پر پہنچ کر ٹی ایچ کیو مریدکے پہنچا دیا جہاں ان میں اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کا رہائشی خاندان کیری ڈبہ نمبرLEB-2372 پر سوار ہو کر لاہور کی طرف جا رہا تھا اچانک ان کی گاڑی کار نمبرLEA-15-798 اور آٹو ررکشہ کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اس میں سوار ثریا بی بی زوجہ ریاض اور اس کا 18سالہ بیٹا اسامہ ،12سالہ اسد اور 15سالہ بیٹی آمنہ موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے جبکہ13سالہ بیٹا طیب،32سالہ محمد اسد ولد عبد الرزاق ،40سالہ فریاد ولد اسماعیل ،50سالہ ندیم ولد ابراہیم شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122نے فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا۔ رکشہ میں سوار رحمت ولد عاشق، شریفاں بی بی زوجہ انور، عبد الرشید ولد سردار، رچنا ٹاؤن خان کالونی کا شہزاد ولد نذر خان ، طاہر ولد نادر وغیرہ بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ حادثہ کے بعد جی ٹی روڈ پر جاں بحق اور زخمی ہونے والے انسانوں کے اعضاء اور حادثہ کا شکار گاڑیوں کے ٹکڑے دور تک بکھر گئے اور ہر طرح کی ٹریفک معطل ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھاکہ کیری ڈبہ اور آٹو رکشہ لوہے کا ڈھیر بن گئے جبکہ ٹیوٹا کارقلا بازیاں کھاتی ہوئی الٹ گئی۔ دوسرا حادثہ قلعہ ستار شاہ علی پور ٹبہ یو ٹرن کے قریب پیش آیا جہاں مسافر ویگن موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں الٹ گئی جس کے نتیجے میں6 مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو ٹیم نے موقع پر ابتدائی طبی امداد دے کر ایک شدید زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔

حادثہ

مزید : صفحہ آخر