2گھنٹے 15منٹ 5سکینڈ میں فاصلہ طے ، دوسری تھل جیپ ریلی ، نادرمگسی نے میدان مار لیا

2گھنٹے 15منٹ 5سکینڈ میں فاصلہ طے ، دوسری تھل جیپ ریلی ، نادرمگسی نے میدان مار ...

  



ملتان(خصوصی رپورٹر)نادرمگسی کو گاڑی تبدیل کرنا راس آگیا۔دوسری تھل جیپ ریلی کا میدان مار لیا ، پہلی تھل جیپ ریلی کے فاتح صاحبزادہ سلطان گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے کے باوجود دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، سٹاک کیٹگری میں پہلی پوزیشن آصف فضل چوہدری نے حاصل کی ہے ،ٹی ڈی سی پی کی جانب سے سٹاک اور پری پیئرڈ کیٹگریز کے تمام نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ، گزشتہ روز صحرائے تھل میں ہونیوالے جیپ ریلی کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پری پیئرڈ گاڑیوں کی ریس ہوئی ، ریس کے اختتام پر مظفرگڑھ فیصل اسٹیڈیم میں سٹاک کیٹگری اور پری پیئرڈ کیٹگری کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق معروف ریسر اور متعدد جیپ ریلی کے فاتح نادرمگسی کو گاڑی بدلنا راس آگیا اور انہوں نے تیسرے نمبر پر روانہ ہونے کے باوجود تیز رفتاری سے ٹریک عبورکرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور فتح اپنے نام کرلی، انہوں نے مقررہ فاصلہ 2گھنٹے 17منٹ اور 5سکینڈ میں طے کیا ، پری پیئرڈ گاڑیوں کی اے کیٹگری میں دوسری پوزیشن گزشتہ سال کے فاتح صاحبزادہ سلطان نے حاصل کی۔ان کی گاڑی کاٹائر اختتامی پوائنٹ سے پہلے ہی برسٹ ہوگیا جس کے باوجود انہوں نے تین پہیوں پر ریس مکمل کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی اور 2گھنٹے 32 منٹ 4سکینڈ میں طے کیا۔اس کیٹگری میں تیسری پوزیشن ملتان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی انس خاکوانی نے حاصل کی ، جنہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 34 منٹ 26سکینڈزمیں طے کیا۔بی کیٹگری میں پہلی پوزیشن عامر مگسی نے حاصل کی جنہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 25 منٹ 1سکینڈز میں طے کیا ،دوسرے نمبر پر نعمان سر انجام خان نے حاصل کی اور یہ فاصلہ 2گھنٹے 33منٹ اور 32سکینڈز میں طے کیا۔تیسری پوزیشن میاں شبیر احمد نے حاصل کی اور انہوں نے یہ فاصلہ 2گھنٹے42منٹ اور 29سکینڈ میں طے کیا۔ پری پیئرڈ گاڑیوں کی سی کیٹگری میں میاں رفیق احمد پہلے نمبر رہے اور انہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 36منٹ 40سکینڈز میں طے کیا ، دوسرے نمبر پر ملتان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی گوہر سانگی رہے ،جنہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 46منٹ اور16سکینڈز میں طے کیا۔ تیسرے نمبر پر ڈاکٹر نوراللہ قمر رہے اور انہوں نے یہ فاصلہ 2گھنٹے 47منٹ 15سکینڈز میں طے کیا ، کیٹگری ڈی پری پیئرڈ میں پہلی پوزیشن امین اللہ خان شادی خیل نے حاصل کی ، جنہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 48منٹ 37سکینڈز میں طے کیا۔دوسرے نمبر پر ظفرخان بلوچ رہے اور انہوں نے فاصلہ 2گھنٹے 49منٹ 35سکینڈز میں طے کیا ، تیسرے نمبر پر عبدالرزاق نے فاصلہ 2گھنٹے 52منٹ 3سکینڈز پر طے کیا ،دریں اثنا دوسری تھل جیپ ریلی کے پہلے مرحلے میں ہونے والی سٹاک گاڑیوں کی ریس آصف فضل چوہدری نے جیت لی۔سٹاک گاڑیوں کی اے کیٹگری میں پہلے نمبر پر آنے والے آصف فضل چوہدری نے فاصلہ 2گھنٹے 26منٹ 12سکینڈ ، دوسرے نمبر پر آنیوالے منصور حلیم نے فاصلہ 2گھنٹے 36منٹ 25سکینڈز اور تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی بابر خان نے یہ فاصلہ 2گھنٹے 37منٹ 31سکینڈزمیں فاصلہ طے کیا۔

جیپ ریلی

مزید : کراچی صفحہ اول