مہاجر قیادت کو مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سندھ میں آباد مہاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ چونکہ مہاجر مسائل ہر آنے والے دن کے ساتھ گھمبیر ہوتے جارہے ہیں اور ان کو حل کرنے کیلئے نہ تو حکومتیں سنجیدہ ہیں اور نہ ہی مقتدر ادارے، مہاجر سیاست کو مفادات اور جرائم سے پاک کرکے عملی جدوجہد کرنی ہوگی۔ وہ MIT کے جنرل سیکریٹری ندیم مرزا کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے سینئر وائس چیئرمین بہارالدین شیخ، فرید خان، راشد قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں تنظیمی سطح پر آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی گئی اور متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیا گیا کہ مہاجر گرینڈ الائنس کو وسعت دینے کیلئے تمام مہاجر رہنماؤں، دانشوروں ، ادیبوں، صحافیوں سے ملاقاتیں کی جائیں گی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر قیادتوں کے ماضی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے آج خود مہاجروں کیلئے مشکلات زیادہ بڑھ گئی ہیں ، حکمران مہاجر مسائل حل کرنے کے بجائے مسائل کو اُلجھانے میں مصروف ہیں۔ جس سے ایک طرف مہاجر نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہورہا ہے تو دوسری جانب مہاجروں میں تیزی سے مایوسی پھیل رہی ہے۔ اس لئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر مہاجر قیادت کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی ایک شخص کی غلطی کی سزا پوری قوم کو دینے کے بجائے مہاجروں کو سیاسی پیکیج دیا جائے تاکہ مہاجروں میں پائی جانے والی احساس محرومی دور ہوسکے۔