ایل پی جی ری فلنگ کی 500سے زائد دکانیں، شہریوں کے سروں پر موت منڈلانے لگی
ملتان(سٹاف رپورٹر)ایل پی جی سلنڈر چلتے پھرتے ’’بم‘‘بن گئے ۔ ضلع ملتان(بقیہ نمبر38صفحہ7پر )
میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کی 500سے زائد دکانیں رسک بن گئیں ۔ کسی بھی وقت سلنڈرز پھٹنے سے سنگین حادثے کا اندیشہ ہے ۔ سول ڈیفنس پولیس افسراوراہلکار منتھلی پراورشہریوں کی زندگیاں اور املاک داؤ پر لگ گئیں۔معلوم ہو ا ہے کہ ضلع انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی اورسول ڈیفنس اور پولیس افسروں واہلکاروں کی ملی بھگت سے ضلع ملتان میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کی 500سے زائد دکانیں کھلی ہوئی ہیں جہاں کھلے عام دھڑلے سے ایل پی جی کی غیر قانونی طور پر ری فلنگ کی جا رہی ہے ۔گلگشت کالونی ‘ نیو ملتان‘شاہ رکن عالم کالونی‘ چوک بی سی جی‘ممتاز آباد ‘ عزیز ہوٹل‘ نواں شہر‘کلمہ چوک‘ پرانا خانیوال روڈ‘بہاولپور بائی پاس‘ سنٹرل جیل موڑ‘ چوک شاہ عباس ‘ 22نمبر چونگی‘ ڈبل پھاٹک ‘پرانا شجاع آباد روڈ‘چوک شہیداں‘ پرانی سبزی منڈی‘قاسم پور کالونی‘14نمبر چونگی‘جنرل بس سٹینڈ ‘ چوک کمہارانوالہ‘شیر شاہ روڈ‘ ڈیرہ اڈہ‘ شجاع آباد اور جلالپور پیر والا سمیت جگہ جگہ ایل پی جی ری فلنگ کی غیر قانونی طور پر دکانیں کھلی ہوئی ہیں جہاں سرعام ایل پی جی غیر قانونی طور پر گھریلو اور رکشہ اور ویگنوں کے سلنڈروں میں ری فل کی جا رہی ہے ۔ ایل پی جی کی غیر قانونی طور پر ری فلنگ نہایت خطرناک عمل ہے جس میں ذرا سی بے احتیاتی سے سلنڈر خوفناک دھماکے سے پھٹنے اور بڑے پیمانے پر آگ لگنے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ملتان سمیت ملک بھر میں ایل پی جی سلنڈرکے پھٹنے سے متعددواقعات پیش آچکے ہیں جن میں بیسیوں افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں ۔اس کے علاوہ ویگنوں اور رکشوں میں غیر قانونی طور پر رکھے گئے ایل پی جی سلنڈروں کے پھٹنے کے باعث بھی لا تعداد قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکاہے ۔ حادثہ ہونے پر حکومتکیطرف سے چند روز کے لئے سختی کی جاتی ہے اور ایل پی جی غیر قانونی طور پر ری فل کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ کی جاتی ہے اور تھانوں میں پرچے دئیے جاتے ہیں مگر پھر چند روز کے بعد پھر وہی صورتحال ہو جاتی ہے۔ ’’پاکستان ‘‘ نے اس حوالے سے موقف لینے کے لئے ڈی او سول ڈیفنس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر ان کا فون نمبر اٹینڈ نہ ہو سکا ۔اس بارے میں شہریوں نے ڈی او سول ڈیفنس ‘ ڈپٹی کمشنر ‘کمشنر اور وزیر اعلی ٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیاجائے اور غیر قانونی طور پر ایل پی جی ری فلنگ کا دھندہ بند کرایاجائے اور اس سلسلے میں غفلت ‘لاپروائی اور ملی بھگت و سرپرستی کرنے والے افسروں و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے ۔
ری فلنگ