بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کروڑوں روپے کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کروڑوں روپے کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، منشیات سعودی عرب سمگل کی جارہی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے عمر گل نامی شخص ڈیڑھ کلو ہیروئن کھانے کے ٹفن میں رکھ کر سعودی عرب جانا چاہتا تھا، ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے اس کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے ٹفن میں سے ڈیڑھ کلو ہیروئن نکل آئی جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔ کسٹم حکام نے ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) کے حوالے کردیا ہے جنہوں نے ملزم کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کا تعلق صوابی سے ہے اور اگر وہ پاکستان سے منشیات لے جانے میں کامیاب ہوجاتا اور سعودی عرب میں پکڑا جاتا تو اس کا سر قلم کردیا جاتا، کیونکہ سعودی عرب میں منشیات سمگلنگ یا منشیات فروشی کی سزا سر تن سے جدا ہے۔