شہر میں داخلے پر پابندی کیخلاف منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج دھرنے کا اعلان کر دیا
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے منی مزدا کی بغیر مشاورت دن کے اوقات میں شہر میں داخلے پر پابندی عائد کرنے سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار متاثر ہو گیا ہے۔ پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد حکومت پنجاب اور لاہور ٹریفک پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں نے ایک نہیں سنی۔
شہباز شر یف نے مزدا کی لاہور میں پابندی کو ختم نہ کیا تو آج شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر منی مزدا ٹرانسپورٹ اور متاثرہ خاندانوں کا سمندر ہو گا اور لاہور کو جام کر دینگے جس کی ذمہ داری ٹریفک پولیس اور حکومت پر ہو گی کیونکہ مذاکراتی عمل میں ہمارے مطالبات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کاروبار تباہ اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن کے سر پر ست اعلیٰ محمد الطاف پہلوان ،صدر شیر علی چوہدری ،چیئر مین چوہدری جمیل، جنرل سیکرٹری تنویر جٹ ،سینئر نائب صدر ناصر چٹھہ سمیت دیگر رہنماﺅں نے بند روڈ پر پریس کانفر نس کر تے ہوئے کیا۔
رہنماﺅں نے کہا پرامن احتجاج اور مذاکرات کا کئی روز سے سلسلہ جاری ہے مگر حکومت وقت اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مسائل کو حل نہیں کیا جا رہا۔ منی مزدا کی پابندی غیرقانونی ہے اور یہ ٹریفک جام کی وجہ نہیں‘ تجاوزات اور ٹریفک پولیس کی نااہلی ہی اسکی وجہ ہے۔ ہم اپنے مطالبات کے حل میں تمام شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر دھر نا دینگے اور پابندی کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا۔