بچوں کی تعلیم کے لئے سٹیک ہولڈرز کردار ادا کریں :سید عامر جعفری

بچوں کی تعلیم کے لئے سٹیک ہولڈرز کردار ادا کریں :سید عامر جعفری
بچوں کی تعلیم کے لئے سٹیک ہولڈرز کردار ادا کریں :سید عامر جعفری

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )’’ 20 نومبر ہر سال بچوں کو حقوق کی فراہمی کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں کی یاددہانی کروانے آتا ہے ۔ خواندگی پاکستان کے ڈھائی کروڑ سے زائد بچوں کا مسئلہ ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر تاحال آؤٹ آف سکول ہیں ۔ انہیں تعلیم تک رسائی دینا اک بڑا چیلنج ہے ۔ اگرچہ اس چیلنج سے عہدہ برآء ہونے کیلئے سرکاری و غیر سرکاری ادارے میدان عمل میں ہیں ، مگر ان کوششوں کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے ۔ بالخصوص سب سے بڑا مسئلہ دیہی علاقوں کے بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن کی عدم فراہمی ہے. ‘‘

ان خیالات کا اظہار غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر جعفری نے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ پسماندہ دیہاتوں میں اپنے 700 سکولوں کے ذریعے نہ صرف 95ہزار سے زائد بچوں کو تعلیم دے رہا ہے بلکہ نظرانداز خصوصی بچوں اور ہندو برادری کے بچوں کیلئے بھی الگ الگ تعلیمی پراجیکٹس کے ذریعے ان کی تعلیم تک رسائی ممکن بنائے ہوئے ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 20 نومبر کا روز اس عہد کا اعادہ کرنے کا دن ہے کہ ہمیں ہر بچے کو منصفانہ ، معیاری اور جامع تعلیم اور پھلنے پھولنے کے یقینی مواقع مہیا کرنے ہیں ۔ انہوں نے آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیمی رسائی کیلئے استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مشاورتیں اور نشستیں بہت ہوچکیں ، اب مزید بیٹھکوں کی بجائے طے شدہ امور پر عملدرآمد میں سنجیدگی اختیار کرنے کا وقت ہے ۔ سید عامر جعفری نے تمام سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ اور مربوط انداز میں کام کرنے کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ جب تک افراد اور ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں دلچسپی نہیں لیں گے ، مسائل جوں کے توں رہیں گے ۔

مزید : لاہور