امیر تبلیغی جماعت حاجی محمد عبدالوہاب کا انتقال پر ملال

امیر تبلیغی جماعت حاجی محمد عبدالوہاب کا انتقال پر ملال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


تبلیغی جماعت کے امیر محمد عبدالوہاب اس فانی دنیا میں چھیانوے برس گزار کر خالق حقیقی سے جاملے، تبلیغ اسلام کے لئے وقف کی گئی زندگی اتنی ہی تھی، اس دنیا میں آنے والے ہر فرد کو بالآخر سفر عدم پر روانہ ہونا ہی ہوتا ہے، تاہم انہی میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کے چلے جانے کے بعد یہ کہا جاتا ہے کہ ان کی روانگی سے پیدا ہونے والا خلا پر نہیں ہوگا، بہرحال یہ کارخانہ قدرت ہے جو چلتا رہتا ہے اور یہ بات بالکل درست ہے کہ جس جس ہستی نے نقوش ثبت کئے ہوں وہ بھلائی نہیں جاتی خصوصاً وہ حضرات جو دین کی خدمت کرتے ہیں ان کی کمی تو واقعی محسوس ہوتی رہتی ہے۔تبلیغی جماعت نام کی جماعت نہیں بلکہ یہ ایک ایسے منظم ادارے کی شکل اختیار کرچکی ہے جو معنوی اعتبار سے بھی مضبوط بنیادوں پر اپنے فرائض پورے کررہا ہے اور اس کو کسی اور مسئلہ یا معاملہ سے کوئی غرض نہیں، تبلیغی جماعت کے اصولوں میں کسی بھی قسم کے تنازعہ سے ہٹ کر دین اسلام کی تبلیغ ہے اور ہر سال یہاں سے مبلغین ملک کے کونے کونے سے لے کر بیرونی ممالک تک جاتے ہیں، سالانہ اجتماع لاہور میں رائے ونڈ کے مرکز پر ہوتا ہے، ابتدا چھوٹے اجتماع سے ہوئی تاہم اب صورت حال یہ ہے کہ جگہ کم پڑگئی اس لئے سالانہ اجتماع کو بھی دو حصوں میں تقسیم کرنا پڑگیا، اب سال میں دو بار اجتماع منعقد ہوتا ہے، اس کے لئے ملک کے مختلف حصوں کے شرکا کو بھی دو ادوار میں بلایا جاتا ہے۔الحاج محمد عبدالوہاب کافی عرصے سے علیل تھے اور اسی کے دوران ان کو ڈینگی بخار ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا، نجی کلینک کے ڈاکٹر حضرات نے بھرپور کوشش کی حتیٰ کہ آخری ایام میں وینٹی لیٹر پر منتقل کرکے آس رکھی گئی لیکن وقت پورا ہو چکا تھا، اللہ کو پیارے ہوگئے ان کی تدفین تبلیغی مرکز ہی کے قبرستان میں ہوئی، امیر تبلیغی جماعت کی علالت کے دوران ان کی صحت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور وفات کے بعد مغفرت کے لئے ہاتھ بلند ہیں، ان کی وفات کی خبر پاکستان اور دنیا بھر کے ممالک میں دکھ کے ساتھ سنی گئی۔ ادارہ پاکستان بھی اس غم میں شریک ہے اور دعا گو ہے کہ ان کا مشن جاری رہے اور اللہ ان کے درجات بلند کرے۔

مزید :

رائے -اداریہ -