عدالتی فیصلوں اور حکم ناموں کی آن لائن فراہمی 28ہزار مقدمات اپ لوڈکر دئیے گئے

عدالتی فیصلوں اور حکم ناموں کی آن لائن فراہمی 28ہزار مقدمات اپ لوڈکر دئیے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خسوصی) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد انوارالحق کی ہدائت پر ضلعی عدلیہ کے حکم ناموں و فیصلہ جات کی آن لائن نقول کی فراہمی کے پروجیکٹ کے تحت 28 ہزارمقدمات اپ لوڈ کر دیئے گئے۔ فیصلہ جاری ہوتے ہی سائلین کیلئے آن لائن دستیاب ہوگا جوجاری ہونے کے دن سے اگلے تیس دن تک متعلقہ ضلع کی ویب سائٹ پر دستیاب رہے گا۔
،اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ڈسٹرکٹ جوڈیشری ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج بشریٰ زمان نے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ چیف جسٹس سائلین کو درپیش مشکلات کو بہت قریب سے سمجھتے ہیں اور ان مشکلات کے خاتمے کیلئے مختلف انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،ضلعی عدلیہ میں درپیش سب سے بڑا مسئلہ فیصلہ جات و حکم ناموں کی نقول کا حصول تھا، تمام فیصلہ جات کو ضلعی عدلیہ کی ویب سائٹس پر آن لائن اپ لوڈ کر کے اس مسئلہ کو حل کر دیا گیا ہے۔ بشریٰ زمان کا کہنا تھا کہ اب تک 28 ہزار کے قریب مقدمات کے حکم نامے و فیصلہ جات اپ لوڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے ستمبرکے 12 ہزار 774 ، اکتوبر کے 10 ہزار 134 اور 16 نومبر تک کے 4ہزار 907 حکم نامے و فیصلہ جات ضلعی عدلیہ کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتی سال کا آغازیکم ستمبر سے ہوتا ہے اس وجہ سے آن لائن حکم ناموں و فیصلہ جات کی آن لائن دستیابی بھی یکم ستمبر سے شروی کی گئی ہے۔ آن لائن حکم نامے و فیصلہ جات جاری ہونے کے دن سے اگلے تیس دن تک متعلقہ ضلع کی ویب سائٹ پر دستیاب ہونگے ، جہاں ان حکم ناموں اور فیصلہ جات کو پڑھنے اور محفوظ کرنے کے علاوہ پرنٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

مزید :

علاقائی -