کراچی،سی ویو حادثہ، کم عمر ڈرائیور ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی (ِ اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سی ویو پر گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد کی ہلاکت سے متعلق مقدمے میں عدالت نے ملزم معیز کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے۔پیرکومقدمے کی سماعت پر پولیس نے کم عمر ڈرائیور عبدالمعیز کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔پولیس کے مطابق ملزم حادثے کے وقت 120 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، عدالتنے ملزم کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزم کی عمر کا تعین کرنے کا بھی حکم دیا۔واضح رہے کہ اس کیس کا مقدمہ حادثے میں ہلاک ہونے والے دونوں افراد کے اہل خانہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔گزشتہ شب سی ویو پر کار کی ٹکر سے بھٹائی آباد کے دو نوجوان ہلاک ہوئے تھے۔واقعے میں ملوث 16 سالہ معیز کو پولیس نے گرفتار کرلیاتھا۔