ڈونلاڈ ٹرمپ کا بیان حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،محمد حسین محنتی
کراچی (ِ اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان کہ ’’پاکستان نے امریکہ کیلئے کچھ نہیں کیا اسلئے امداد بند کردی‘‘ پاکستانی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے،جن لوگوں نے امریکی خوشامد کیلئے پاکستان کو نام نہاد امریکی دہشتگردی کی جنگ میں جھونک دیا اور صرف چند لاکھ ڈالروں کیلئے ڈرون حملوں کی اجازت دی اور نیٹو رسد کے ذریعے پانچ لاکھ سے زائد افغان مسلمان کو قتل جبکہ ملک کے اندر 65ہزار سولین اور بہادر فوجیوں کی شہادت کا باعث بنے لیکن امریکہ پھر بھی ہمیں اپنی امداد کے طعنے دے رہا ہے جو ملکی طاقتوراداروں اور سولین حکمرانوں کی پالیسیوں کی مکمل ناکامی کا ثبوت ہے، امریکہ اور نیٹو کی فوجیں گذشتہ 16سالوں سے افغانستان میں آگ اور بارود کی بارش کرنے کے باوجود مسلسل ناکامیوں اور ہزیمت سے دوچار ہیں ، ایک طرف پاکستان کو دہمکیاں دی جارہی ہیں تو دوسری طرف خفیہ طور پر طالبان سے مذاکرات کے ذریعے افغان جنگ سے جان چھڑانے کی کوششیں کررہا ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے امداد بند اور پاکستان کیخلاف شکوک وشبہات کا حالیہ بیان احسان فراموشی اور حکمرانوں کی غلط اور مفاد پرستانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے،نائن الیون کے خودساختہ حادثے کے بعد امریکہ اور طاغوتی قوتوں کی جانب سے مسلمانوں کیخلاف جاری نام نہاد جنگ میں پاکستان نے ایک تیسرے درجے کے سفارتکار رچرڈ آرمٹیج کے کہنے پر افغانستان میں اسلامی حکومت کیخلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا جس میں لاکھوں لوگوں نے ہجرت کرنے پر مجبور، معیشت کا بیڑہ غرق اور ملک کو میدان جنگ بناکر رکھ دیا، ہزاروں بے گناہ لوگوں کی شہادت اور بڑے پیمانے پر مالی نقصانات کے باوجود امریکی صدر کا حالیہ بیان قابل مذمت،احسان فراموشی کی بدترین مثال اور غیروں کی جنگ میں کرائے کے قاتل کا کردار ادا کرنے والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔