پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں عید میلاد النبیﷺ کا انعقاد
دبئی (طاہر منیر طاہر) حسب سابق اور حسب روایت اس بار بھی پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پرعظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی علامہ مفتی ضمیر احمد پاکستان سے تشریف لائے تھے۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمود بزمی نے حاصل کی جبکہ ڈاکٹر محمد اکرم شہزاد، ڈاکٹر ناصر محمود، حافظ رخسار احمد، روشن دین، خان اجمیری، محمد افضل چشتی، ریاض مصطفی، حافظ شفقت قادری، رضوان قادری، حافظ زاہد علی، محمد بشیر، محمد شاہد اور دیگر ثنا خوانوں نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے ممتاز عالم دین علامہ مفتی ضمیر احمد ساجد نے شرکائے محفل عید میلاد النبی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی ہم سب کے لئے خوشی کا دن ہے کہ اس دن ہمارے آقا حضرت محمد مصطفی ﷺ دنیا میں تشریف لائے، آپ کی آمد سے ظلم کے اندھیرے چھٹ گئے اور عرب قبائل میں سکون کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ آپ کی آمد سے عرب کے ریگستان بھی گلستان بن گئے اور ہر طرف نور ہی نور پھیل گیا۔
اگر ہم نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کا بغور مطالعہ کریں اور آپ ﷺ کی دی گئی تعلیمات پر عمل کریں تو راہ نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا مقصد بنالینا چاہیے۔ آپ نے اپنے اخلاق سے اپنے مخالفین کے دل بھی جیت لئے۔ آج کے دور میں ہمیں آپ کے اسوہ حسنہ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ آپ نے اپنے قول و فعل سے یہ ثابت کیا کہ سچائی کا اصل راستہ دین اسلام ہے۔ لہٰذا تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ سنت رسول اپنائیں جبکہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو دین اسلام سمجھانے کے لئے اپنا کلیدی کردار بھی ادا کریں۔
محفل عید میلاد النبی میں چودھری خالد حسین، عبید اللہ، عبدالوحید پال، افتخار چودھری، محمد سعید احمد، سفیر احمد ستی اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔ محفل کے آخر میں درود و سلام پڑھا گیا اور پاکستان کی سلامتی و اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔