جن بچوں کو والدین کی توجہ حاصل نہیں ہوتی ان کے دماغ میں کیا تبدیلی آتی ہے؟ سائنسدانوں نے معائنہ کیا تو خود بھی دنگ رہ گئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) بچوں سے محبت و شفقت کا سلوک ان کے دماغ پر کس قدر اثرانداز ہوتا ہے، پہلی بار ایک سائنسدان نے اس کا ایسا نمونہ دنیا کے سامنے پیش کر دیا ہے کہ دیکھ کر آپ ششدر رہ جائیں گے اور آئندہ کوئی ہرگز اپنے بچے کو نظرانداز نہیں کرے گا۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس چلڈرن ہسپتال کے پروفیسر بروس پیری نے تین سال کے دو بچوں کے دماغوں کا سکین شیئر کیا ہے۔ ان میں سے ایک کو بہت پیار اور محبت سے پالا گیا تھا اور دوسرے کو بچپن سے ہی بہت زیادہ نظراندازکیا گیا تھا۔
سکین میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس بچے کو لاڈ پیار سے پالا گیا تھا اس کے دماغ کا سائز دوسرے بچے سے دوگنا بڑا تھا۔ اس کے برعکس بری طرح نظرانداز ہونے والے بچے کا دماغ سکڑ کر بہت چھوٹا رہ گیا تھا۔ پروفیسر بروس پیری نے ان تصاویر کے ساتھ لکھا ہے کہ ”ان تصاویر سے اچھی طرح وضاحت ہوتی ہے کہ بچوں کو نظرانداز کرنا ان کے دماغ پر کس قدر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ ان میں جس بچے کو نظرانداز کیا گیا تھا اس کے دماغ کی وینٹریکلز (Ventricles)اور کورٹیکل ایٹروفی (Cortical atrophy)بھی اوسط سے کہیں زیادہ بڑی ہو چکی ہیں۔“