روزانہ اتنے گھنٹے ٹی وی دیکھنے والے جلدی مر جاتے ہیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) روزانہ کئی کئی گھنٹے ٹی وی دیکھنا صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہوتا ہے اور اب نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے اس کے متعلق ایک خطرناک انکشاف کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ حد سے زیادہ، بالخصوص دن کے وقت، ٹی وی دیکھنا صحت کے لیے اس قدر نقصان دہ ثابت ہوتا ہے کہ اس عادت میں مبتلا افراد کی قبل از وقت موت واقع ہو جاتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس تحقیق میں ٹی وی دیکھنے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 2گھنٹے 12منٹ بتایا ہے اور جو لوگ اس سے زیادہ ٹی وی دیکھنا معمول بنالیں ان کی زندگی میں اسی تناسب سے کمی واقع ہونی شروع ہو جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تحقیق میں یونیورسٹی آف گلاسگو کے سائنسدانوں نے 3لاکھ 29ہزار لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرکے اس کا تجزیہ کیا اور نتائج مرتب کیے۔ سائنسدانوں نے ان کی ٹی وی دیکھنے کی عادت کے بارے میں معلوم کیا اور ان کا ایک بار پھر طبی معائنہ کیا۔ ان میں جو لوگ بالکل صحت مند تھے وہ اوسطاً2.2گھنٹے روزانہ ٹی وی دیکھتے تھے۔ 2.9گھنٹے روزانہ ٹی وی دیکھنے والوں کی صحت مناسب طور پر ٹھیک تھی۔ تاہم جو لوگ اس سے زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارتے تھے ان کی صحت ان کی نسبت بہت خراب تھی اور ان کی جلد موت ہونے کے امکانات واضح تھے۔