آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر قرض لیں گے،ٹرمپ حکومت افغانستان میں اپنی ناکامی چھپانےکے لئے پاکستان پر الزام تراشی ر رہی ہے :عامرمحمود کیانی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز عامرمحمود کیانی نے کہا کہ حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ 70 برسوں میں ملکی معیشت تباہ کی گئی،ہم آئی ایم ایف سے اپنی شرائط پر قرض لیں گے اور ایسا ہرگز نہیں ہوگا کہ ان کی تمام شرائط مان لی جائیں،امریکی رویے کا ہمیں پہلے سے اندازہ تھا ،ٹرمپ حکومت پاکستان پر الزام تراشی اور ڈومور کا مطالبہ کر کے افغانستان میں اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عامرمحمود کیانی کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے آئی ایم ایف کو بڑے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جو چیزیں ہم نہیں کر سکتے وہ کام نہیں کریں گے ،کسی بھی قوم کے لئے یہ طریقہ کار ضروری ہے ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ آئی ایم ایف جو بھی کہے اسے ہم تسلیم کر لیں،دورہ چین، سعودی عرب اور یو اے ای کے بعد وزیر اعظم اور جگہوں پر بھی جا رہے ہیں ،جس بے دردی کے ساتھ سابق حکمرانوں نے قرضہ لیا اور جس طرح کا سلوک امریکہ کر رہا تھا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ پہلے سے تھا ۔ وفاقی وزیر عامرمحمود کیانی کا کہنا تھا کہ ہم 8 یا دس بلین کے لئے تگ و دو کر رہے تھے جس میں سے ہمیں 2 پوائنٹ 5 بلین سے آپ نے اورنج ٹرین بنا دی ،یہی وجہ ہے کہ ہم پر قرضے چڑھے جا رہے ہیں اور اسی قسم کے 12 سو بلین کے قرضے چڑھ گئے ہیں ، ہم نے بڑا مضبوط سٹینڈ لیا ہوا ہے اور ہم اپنی شرائط پرمذاکرات کریں گے ، ہمیں چین کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور اس کا رویہ بڑا مثبت ہے،چین نے بڑے صاف انداز میں کہا ہے کہ ہم سعودی عرب سے بہتر پیکج پاکستان کو دیں گے اور پاکستان کو مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ،یہ بیان ہماری حکومت نے نہیں چائنہ نے دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جو حالات ہیں اس میں میڈیا کو بڑا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہئے،دس دن میں کچھ بھی ٹھیک نہیں ہوتا ،وزیر اعظم عمران خان دوست ممالک سے اپنی ذات اور ذاتی انڈسٹری لگانے کے لئے تو پیسے نہیں مانگ رہے ؟میڈیا اور پاکستانیوں کو تھوڑا انتظار کرنا چاہئے ،جلد ہی صورتحال بہتر ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں پھنس چکا ہے اور اتنے ٹریلن ڈالرز خرچ کرنے کے باوجود آج یہ صورت حال ہے کہ انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے اوراب تو وہ اپنے فوجیوں کو بھی جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،ٹرمپ حکومت پاکستان کو ڈومور کہہ کر اور پریشرائز کر کے اپنی خفت مٹانا چاہتا ہے ۔