پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کیلئے لاہور قلندرز کا کپتان کسے بنایا گیا؟ ایسی خبر آ گئی کہ آپ تو کیا برینڈن میکالم بھی یقین نہیں کر پائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے محمد حفیظ کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رانا عاطف کا کہنا ہے کہ ٹیم نوجوان کرکٹرز اور تجربہ کار سینئرز کا بہترین امتزاج ہے اور اس ٹیم کو پاکستان سپر لیگ کی سب سے ولولہ خیز ٹیم کہنا غلط نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس ہر کھلاڑی ایک سے بڑھ کر ایک ہے، فخر زمان سے لے کر حارث رو¿ف تک اور ساتھ ساتھ ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی ٹیم کے بہترین امتزاج کی ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو گزشتہ تین سال سے جو مسئلہ درپیش رہا وہ مڈل آرڈرز کے عدم تسلسل کا تھا لیکن اب لاہور قلندرز نے اس مسئلہ سے چھٹکارا حاصل کرلیا ہے، آغاز میں سہیل اختر اور فخرزمان کے بعد اننگز کو مڈل میں بیلنس کرنے کیلئے ٹیم کے پاس ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ بھی موجود ہوں گے جس کے بعد اب امید ہے کہ لاہور قلندرز کے فینز کو مایوسی نہیں ہوگی اور ٹیم پہلے سے بہتر نتائج دے گی۔ رانا عاطف نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ لاہور قلندرز کے چوتھے ایڈیشن میں محمد حفیظ ہی ٹیم کے کپتان ہوں گے کیوں کہ حفیظ ٹیم کو اٹھانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔