مدینہ شہر کی ترقی کیلئے کام کرنا ہمارے باعث فخر ہے،ایس ایم عمران

مدینہ شہر کی ترقی کیلئے کام کرنا ہمارے باعث فخر ہے،ایس ایم عمران

  



لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ مدینہ شہر سے تعلق ایمان کا حصہ ہے۔ اس کی ترقی کے لئے کام کرنا باعث فخر سمجھتے ہیں۔مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ایل ڈی اے ایک دوسرے کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔وہ گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن میں آنے والے مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چھے رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے وفد کو بتایا کہ لاہور کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینے اور شہریوں کی مستقبل کی ضرویات کو پیش نظر رکھتے ہوئے لاہور کے نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے ابتدائی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ زرعی مقاصد کے لئے درکار اراضی کو بچانے کے لئے کثیر المنزلہ رہائشی عمارتوں کی حوصلہ افزائی کی جار ہی ہے اور اس مقصد کے لئے نئے تعمیراتی قواعد منظور کر لئے گئے ہیں۔شہریوں کی جمع پونجی لوٹنے والی غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی مزید سخت کی جا رہی ہے۔ وفد کے ارکان کو لاہور کے شہریوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنے اور شہر کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ ایل ڈی اے شہر میں 58رہائشی سکیمیں بنا چکا ہے جبکہ 218پرائیویٹ رہائشی سکیموں کی منظوری دینے کے بعد ان کے ریگولیٹر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ نئی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کا فیز ون 13ہزار کنال پر بنایا جا رہا ہے اور فائل مالکان کو پلاٹ دینے کے لئے قرعہ اندازی 30نومبر کو کی جا رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1