عثمان بزدار پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں،مسرت جمشید

عثمان بزدار پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں،مسرت جمشید

  



لاہور (سٹی رپورٹر) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار صوبے اور عوام کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ا وروہ ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ کی طرح شوبازیاں کرنے کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں،ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود پنجاب میں کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا او رانشااللہ اب پاکستان میں یہی روایت پروان چڑھے گی۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے عوام کی خدمت کو اپنا شعاربنایا ہے۔

جو کرپشن میں لتھڑی ہوئی اپوزیشن کوہضم نہیں ہورہا۔ اپوزیشن مرکزی یا صوبائی حکومت کی سطح پر کرپشن کاایک بھی سکینڈل سامنے نہیں لا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور صرف آل شریف کی خوشنودی ہے اور اس کے علاوہ انہیں کچھ بھی نظر نہیں آتا، آئندہ عام انتخابات میں عوام کرپشن کا دفاع کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کرینگے۔ حکومت رواں سیشن میں صوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اہم قانونی سازی کر ے گی جبکہ عوام کے مسائل سے متعلق دیگر بزنس بھی زیر بحث آئے گا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے صوبے میں اہم معاملات میں غیر معمولی فیصلے کئے ہیں جن کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1