سودلینا اور دینا ہر صورت میں حرام ہے،علامہ خادم رضوی
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی نے کہا ہے کہ سود کا لینا اور دینا ہر صورت میں حرام ہے۔سود اور شراب نوشی دامن انسانیت پر بدنما داغ ہیں۔اسلام نے سودکو حرام قراردیکر انسانیت پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔بدقسمتی سے مغرب نے ہمارے معاشرے میں سود کو سطح پر فروغ دے دیا ہے۔آج ہر کاروبار میں سود کو ملوث کردیا گیا ہے۔اللہ تعالی اور آنحضرت ﷺ کے احکامات کی خلاف ورزی توحید اور واحدانیت کیخلاف اعلان جنگ کا ثبوت ہے۔اسلام نے انسان کو جہالت اور اندھیروں سے نکالا ہے لیکن کچھ بدقسمت لوگ آج بھی زمانہ جہالت میں ہی رہنے کو اپنا دنیوی فائدہ تصور کرتے ہیں۔ایسے لوگ دنیا و آخرت میں خسارے میں رہیں گے۔شعبہ ٹریڈر ونگ کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علامہ خادم رضوی کا مزید کہنا تھا کہ قرآن میں اور بھی بہت سے گناہوں کی ممانعت کا حکم آیا ہے اور ان پر سخت وعیدیں بھی ہیں، لیکن اتنے سخت الفاظ کسی دوسرے گناہ کے بارے میں وارد نہیں ہوئے۔ اسی بنا پر نبی ﷺنے اسلامی قلم رو میں سود کو روکنے کیلئے سخت کوشش فرمائی۔ آپ ﷺنے نجران کے عیسائیوں سے جو معاہدہ کیا اس میں صاف طور پر لکھ دیا کہ اگر تم سودی کاروبار کروگے تو معاہدہ کالعدم ہوجائیگا اور ہم کو تم سے جنگ کرنی پڑے گی۔