امت مسلمہ کو قرآن و سنت کے نظام کو اپنانا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

  امت مسلمہ کو قرآن و سنت کے نظام کو اپنانا ہو گا،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کشمیر میں 100 دن سے اوپر مکمل لاک ڈاون اور فلسطین کے شہر غزہ میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں اور خون ریزی پر اقوام متحدہ اور عالمی برداری خاموش تماشائی کا کردار کررہی ہے۔ عالمی استعماری قوتوں کے اسلام دشمن ایجنڈے کے تحت پوری دنیا میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ امت مسلمہ قرآن و سنت کے نظام کو اپنائے بغیر مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پارک میں زون 165 کے زیر اہتمام ہونے والے سیرت البنی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد یونس میو ایڈووکیٹ امیر زون 165، یوسی امیر انجینئر یعقوب رانا، سماجی رہنما چوہدری عبدالمجید گجر، ڈاکٹر شاہد سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالاستی کیلئے امیر و غریب کیلئے ایک قانون ہونا چاہیے۔اسلام میں امیر و غریب، شاہ و گدا، اعلیٰ و ادنیٰ، آقا و غلام اور حاکم و محکوم میں کوئی فرق نہیں رکھا جاتا۔

بلکہ اسلام تمام انسانوں کو برابر حقوق دینے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کے دعویداروں نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کرنے کیلئے 14 ماہ میں کوئی اقدامات نہیں کیے قوم کو صرف نعروں اور وعدوں سے بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکمرانوں کی تقریریں اور نعرے قوم کے جذبات کی ترجمانی نہیں کر رہے ہیں۔