عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے،میاں اویس
لاہور(نمائندہ خصوصی)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمداویس نے کہاہے کہ عقیدہ ئ ختم نبوت کا تحفظ جزوایمان نہیں بلکہ عین ایمان ہے، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ در حقیقت عقیدہ توحید کا تحفظ ہے۔ اللہ جل جلالہ کی ربوبیت کا ذکر نبی مکرم ؐہی کے ذریعے سے اہل اسلام کو معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے، امت مسلمہ کو مسلکی تعصبات سے بالا تر ہوکر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے آئین میں طے شدہ قادیانی حیثیت کو ختم نہیں ہونے دیں گے، کرتار پور راہداری کا افتتاح قادیانیوں کو نوازنے کیلئے کیا گیا ہے۔ موجودہ عمرانی حکومت نے اپنی سوا سالہ حکومت میں گستاخان رسول اور قادیانیوں کو جتنا ریلیف دیا ہے وہ بد ترین آئین شکنی اور قادیانیت نوازی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق مرتد کی شرعی سزا نافذ نہ کرنا سابقہ اور موجودہ حکومت کی بد نیتی ہے۔ فتنہ قادیانیت نے امت مسلمہ کیلئے آستین کے سانپ کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی قانون کے مطابق قادیانیوں کو غیر مسلم آئینی حیثیت میں آناہوگا، انتظامیہ امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل در آمد نہیں کروا رہی، جس سے کشیدگی بڑھے گی، اگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے خود ہی قانون شکنی کریں اور کروائیں گے تو پھر قانون کی بالا دستی کیسے ھوگی؟۔