مودی سرکاری کو شٹ اپ کال دینا بہت ضروری ہوچکا ہے،فرید پراچہ
لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 106 روز سے جاری کرفیو اور بدترین مظالم امن عالم کے نام نہاد عالمی ٹھیکیداروں کے منہ پر ایک طمانچہ اور پاکستانی حکمرانوں کے لیے ایک تازیانہ غیرت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ی عفت مآب خواتین کے سلسلہ میں بھارتی (ر) جنرل نے جس گندی ذہنیت اور گھٹیا زبان درازی کا مظاہرہ کیاہے، وہ مودی حکومت کی سرکاری سوچ کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کو شٹ اپ کال دینا ضروری ہے۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ حکمرا ن سیاسی مخالفین پر گرم گفتاری کی بجائے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بتائے کہ اس نے 106 دنوں میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جنرل اسمبلی میں ایک تقریر کرنے کے علاوہ کون سے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ حکومت کے نامہ اعمال میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے زبانی جملہ بازیوں اور پاکستانی عوام کے لیے طفل تسلیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔