سی اے سی پاکستان سمٹ اور نمائش 20نومبر سے شروع ہوگی

سی اے سی پاکستان سمٹ اور نمائش 20نومبر سے شروع ہوگی

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سی سی پی آئی ٹی کیم (CCPIT CHEM) کے اشتراک سے نمائش سی اے سی پاکستان سمٹ اور نمائش 20سے 22نومبر تک ہوگی جبکہ افتتاح اکیس نومبر کو لاہور ایکسپوسنٹر میں ہوگا۔ یہ بات لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد،آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر محمد ندیم قریشی،چینی ادارے سی سی پی آئی ٹی کی وائس چیئرپرسن میڈم ما چنیان اور لاہور چیمبر کے سابق صدر محمد علی میاں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چین کے اشتراک سے منعقدہ یہ نمائش بہت اہمیت کی حامل ہے،اس میں نہ صرف مقامی بلکہ دنیا کے مختلف حصوں سے آئے غیرملکی تاجر و سرمایہ کار بھی شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے، یہ نمائش نہ صرف پاکستان کے زرعی شعبے کی پوٹینشل کو اْجاگر کرے گی بلکہ زرعی شعبے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی اے سی پاکستان حکومت اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کو موقع فراہم کرے گی کہ وہ کیڑے مار ادویات، کھادوں، پراسیسڈ سیڈز اور جدید زرعی مشینری کے بہترین اور منافع بخش استعمال کا معاملہ اْجاگر کرسکیں۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ پاکستان کے ایگرو کیمیکل شعبے میں بہت پوٹینشل ہے جس سے فائدہ اٹھاکر معاشی استحکام حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اس نمائش سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور امید ہے کہ یہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور اس سے نہ صرف زرعی شعبے کی پوٹینشل بلکہ پاکستان کی بہترین ساکھ اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

سی اے سی پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر محمد ندیم قریشی نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے زرعی اور اس سے وابستہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے 100سے زائد سٹالز لگائے جارہے ہیں، مجموعی طور پر نمائش میں 68چینی جبکہ 50پاکستانی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ایونٹ بے مثال کامیابی سے ہمکنار ہوگا اور مطلوبہ نتائج برآمد ہونگے۔

مزید : کامرس