آئی جی پنجاب کا ڈور سے شہری کی ہلاکت پر اظہار برہمی،کریک ڈاؤن کا حکم

آئی جی پنجاب کا ڈور سے شہری کی ہلاکت پر اظہار برہمی،کریک ڈاؤن کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان نے مغلپورہ لاہور میں پتنگ کی ڈورسے شہری کی ہلاکت کے واقعہ پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پتنگ بازوں کے خلاف موثر حکمت عملی کے تحت کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جائے اور کائٹ فلائننگ قانون پر عمل درآمد میں ناکام رہنے والے سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کریک ڈاؤن کے دوران پتنگ یا دوڑ کی تیاری،خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے جبکہ اس بات کو بطور خاص ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ پولیس کی کارروائیوں سے شریف شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور صرف ان لوگوں کو گرفت میں لیا جائے جو پتنگ یا ڈور بنانے، اسے اڑانے یا اسکی خریدو فروخت میں براہ راست ملوث ہوں۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور کو ہدایت کی کہ لاہور میں جرائم کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک ہفتے کی خصوصی مہم شروع کی جائے جس میں جرائم پیشہ عناصر بالخصوص اے کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکئے جائیں اور سات دنوں کی اس مہم کے دوران مثبت نتائج کے ساتھ ساتھ جرائم میں خاطر خواہ کمی بھی نظرآنی چاہئیے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ڈکیتی، راہزنی، رابری اور نقب زنی کے مقدمات میں گذشتہ دس ماہ میں عدالتوں سے چھوٹنے والے مجرمان کے کیس کا تجزیہ کرکے رپورٹ تیار کی جائے کہ چالان ہونے والے ملزمان کتنی دیر میں عدالتوں سے چھوٹ جاتے ہیں اور اسکی بنیادی وجوہات کا تعین بھی کیا جائے۔
 کہ کیا انویسٹی گیشن افسران کیس کو عدالت میں صیحح انداز میں پیش نہیں کرتے یا شناخت پریڈٹھیک نہیں ہوتی یا اس کی کوئی اور وجوہات ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ جس ایس ایچ او کے پاس پرائیویٹ گن ہیں اس کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے جبکہ ایک ہفتے کے بعد اگر کسی ایچ او کاپرائیویٹ گن مین سامنے آگیا توایس ایچ او کے ساتھ ساتھ متعلقہ ایس پی کو بھی ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ یہ ہدایات انہوں نے  سنٹرل پولیس آفس میں لاہور میں جرائم کی صورتحال اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں افسران کو جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ اشتہاریوں کی گرفتاری میں ناکام رہنے والے سرکل افسر، انچارج انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او زخود کو محکمانہ کارروائی کیلئے تیار رکھیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ سینئر افسران زیادہ وقت دفاتر کی بجائے فیلڈ میں گذاریں بالخصوص سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پٹرولنگ پر مامور افسران کی چیکنگ کو معمول بنائیں جبکہ ڈولفن فورس کے پٹرولنگ پلان اور بیٹ سسٹم کو از سر نومرتب کیا جائے تاکہ فرسٹ رسپانڈر کے طور پر ڈولفن اہلکاروں کو پرفارمنس کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ڈولفن فورس کی پٹرولنگ سسٹم کی موثر مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور، بی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق احمد خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک، ایس ایس پی ایڈمن لاہوراطہر وحیداور ایس ایس پی آپریشن محمد نوید سمیت دیگرافسران بھی موجود تھے

مزید :

علاقائی -