ڈور سے نوجوان کی ہلاکت،ورثا کو انصاف فراہم کرینگے،اشفاق خان
لاہور(کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے مغل پورہ کے علاقہ میں پتنگ کی ڈور سے جاں بحق ہونے والے عامر علی کے رشتے داروں سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔متوفی کے والدمحمد عارف،بھائیوں محمد ناصر،محمد شہزاد،رشتہ داروں سمیت ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نوید اور دیگر پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے عامر علی کے والد اور دیگر رشتہ داروں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہارکیا۔اشفاق خان نے اس موقع پر کہا کہ پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کی وجہ سے قیمتی جانی نقصان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔انصاف کی فراہمی میں کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی۔
قبل ازیں ڈائریکٹر ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب سید ذوالفقار حسین نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان اور ایس ایس پی آپریشنزلاہور محمد نوید سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔سائیکالوجسٹ صائمہ شہزاداورانچارج پروگرام محسن ذوالفقار بھی انکے ہمراہ تھے۔کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے دونوں پولیس افسران کو منشیات کا شکار افراد کی بحالی کے لئے ادارے کی خدمات سے آگاہ کیا۔