وزیر اعظم سے آئی ایس آئی چیف کی ملاقات،نیشنل سکیورٹی پر تبادلہ خیال،معاشی اصلاحات کا پھل ملنے لگا:عمران خان

وزیر اعظم سے آئی ایس آئی چیف کی ملاقات،نیشنل سکیورٹی پر تبادلہ خیال،معاشی ...

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی،وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوسری طرف ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے ملکی معیشت کی سمت کو درست قرار دیتے کہا کہ پاکستان کی معیشت بالآخر درست سمت میں جارہی ہے، ہماری معاشی اصلاحات کا پھل ملنا شروع ہو گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ اکتوبر 2019 میں 4 سال میں پہلی بار سرپلس میں تبدیل ہوگیا، جاری کھاتے 9 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہے جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جاری کھاتوں میں ایک ارب 28 کروڑ ڈالر خسارہ تھا۔علاوہ ازیں طالبان کی قید سے دو غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے وزیراعظم نے کہاکہ مذاکرات سے افغان تنازع کے سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ حالیہ اقدامات سے اعتماد بحال ہوگا اور مذاکرات کو تقویت ملے گی۔وزیراعظم نے لکھا کہ عالمی امن کیلئے کوششوں اور افغانستان میں بہتری کیلئے پاکستان نے دونوں غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی میں بھرپور کردار ادا کیا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب سری لنکن صدر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے انتخابات کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے نتائج سری لنکن عوام کا آپ پر اعتماد کا مظہر ہے۔ امید ہے آپ کی صدارت میں سری لنکا میں مزید ترقی اور خوشحالی آئے گی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ممالک کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔ عمران خان اور سری لنکن صدر گوتابایا راجاپاکسے نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران جی ڈی اے رہنما نے اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا،فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ بدین میں میری زمین پر دو سو افراد نے قبضہ کیا ہوا ہے، وفاقی حکومت کی مداخلت سے ایف ائی آر کاٹی گئی۔ پولیس نے قبضہ ختم کرایا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ہمارے ساتھ مظالم کر رہی ہے، سندھ کے معاملات کے حوالے سے وزیراعظم سے کمیٹی قائم کرنے کے لیے کہا ہے، کھیلوں کے معاملے پر ٹاسک فورس کی رپورٹ پر تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

عمران خان 

مزید : صفحہ اول