وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا مہنگائی کیخلاف موثر اقدامات نہ ہونے پر شدید اظہار برہمی

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا مہنگائی کیخلاف موثر اقدامات نہ ہونے پر شدید اظہار ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی سردار عثمان بزدارنے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باتیں کرنے کا فائدہ نہیں، اشیاء ضروریہ کے نرخ نیچے لائے جائیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس میں خطاب کے دوران کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا،عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، اشیاء ضروریہ اور سبزیوں کے نرخوں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے، ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے عوام کو فوری ریلیف ملے اور پرائس کنٹرول کیلئے موثرمیکانزم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو ہر کام ممکن ہو تا ہے، مہنگائی پر قابو کیوں نہیں پایا جا سکتا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ میں خود اشیاء صرف کے نرخ چیک کروں گا تاہم افسران فیلڈ میں نکلیں، صبح صبح منڈیوں میں جا کر نیلامی کی نگرانی کریں اورپرائس کنٹرول کے طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلی نے کمشنرز سے ویڈیولنک کانفرنس پر متعلقہ ڈویژن میں اشیاء صرف کے نرخ دریافت کئے۔وزیر اعلی نے مہنگائی پر مکمل کنٹرول نہ ہونے پر ناپسندیدگی کا اظہارکیا اور درست سمت میں فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفرگڑھ،عارف والا اورقصورکے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ  نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور زخمی مسافروں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے افسوسناک ٹریفک حادثات کے بارے میں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی کاموں اور فلاح عامہ کے منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔اراکین اسمبلی نے فرداً فرداً اپنے حلقوں، علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہر ضلع کے متعلق عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مربوط حکومت عملی تیار کر لی گئی ہے،ماضی میں نمائشی منصوبوں پر قومی خزانہ بے دریغ لٹایا گیاجبکہ ہماری حکومت نے سابق ادوار کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں۔ قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے۔ سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں اور کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ،اراکین پنجاب اسمبلی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، سلیم سرور جوڑا،میاں محمد اختر حیات،چوہدری لیاقت علی، محمد ارشاد چوہدری، محترمہ سلیم بی بی، تیمور علی لالی، میاں محمد آصف، شہباز احمد اور دیگر شامل تھے،دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے مانچسٹرسٹی کے لارڈمیئرعابد لطیف چوہان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اور مانچسٹر سٹی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ملک بسنے والے ہم وطنوں کے مسائل کے حل کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب فعال انداز میں کام کررہاہے اور ہماری حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو متحرک ادارہ بنایاہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف کیلئے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ مانچسٹرسٹی کے لارڈمیئرعابد لطیف چوہان نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ اورپاکستان کے مابین تعلقات بہت اچھے ہیں اورپنجاب میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے مل کر کام کریں گے۔وفد میں کونسلر لطف الرحمان، کونسلر باسط شیخ،چیئرمین پاکستان کمیونٹی سینٹرمانچسٹر ہارون افضل کھٹانہ، رانا عبد الستار، عبد القیوم،عطا المصطفی چوہان،چوہدری انور یعقوب، قاضی مبین اوردیگر شامل تھے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول