عمران لمبی دوڑ کا گھوڑا نہیں،نواز شریف صحت یاب ہو کر ضرور واپس لوٹیں گے:مسلم لیگ (ن)

عمران لمبی دوڑ کا گھوڑا نہیں،نواز شریف صحت یاب ہو کر ضرور واپس لوٹیں گے:مسلم ...

  



لاہور، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ(ن) نے ڈیل کی خبروں کوقطعاً بے بنیاد قرار دیا۔ لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن سے خود واپس آئے اور مقدمات کا سامنا کیا، صحت یابی کے بعد دوبارہ وطن لوٹیں گے، عوام کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت عدالت نے دی، وزیراعظم نے بھی ڈیل کی تردید کی، زرداری کے ساتھ بھی وہ ہی سلوک ہونا چاہیے جسکا سابق صدر مستحق ہوتا ہے، انہیں کیوں گرفتار کیا گیا اس کی سمجھ نہیں آئی۔لیگی رہنما خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مرض کی تشخیص نہیں ہوسکی، ان کی صحت آج بھی خراب تھی، ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کرنے کے بعد یہاں سے روانہ کر دیا ہے، صحت مند ہونے کے بعد واپس آکر عوام کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کریں گے۔مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک تھے، واپس آکر جیل گئے، اب علاج کیلئے جا رہے ہیں پھر واپس آئیں گے، ریلیف ایسے نہیں ملتا، وزرا ء نااہل ہیں انہیں تبدیل کرلیں پھر بھی کچھ نہیں ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کی دعاوں کے سائے میں قائد محمد نوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک روانہ ہوئے ،محمد نوازشریف کو ان کی والدہ اور مریم نواز نے دعاوں میں گھر سے الوداع کیا،دعاؤں، محبتوں اور محمد نوازشریف کی صحت کیلئے فکر مندی پر قوم اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انشاء  اللہ بائیس کروڑ عوام کی دعا سے قائد محمد نوازشریف صحت مند ہوکر جلد واپس لوٹیں گے۔گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے تو پھر بھرپور سیاسی منظر نامہ ہوگااور کوئی ان کے سامنے کھڑانہیں ہوگا،حکومت کی 16مہینے کی کارکردگی دیکھ لی ہے یہ لمبی دوڑ کا گھوڑا نہیں ہے، عمران خان کے الفاظ ان کا ساتھ نہیں دے رہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شدید دباؤ کا شکارہیں۔  انہوں نے کہا کہ مجھے امپائروں او رکھلاڑیوں کی سیاست سمجھ نہیں آتی میں تو سیاست کا ادنیٰ سا کھلاڑی ہوں لیکن جو شواہد او رحکومت کی 16مہینے کی کارکردگی ہے اسے دیکھ لیں تو یہ لمبی دوڑ کا گھوڑا نہیں۔ نواز شریف صحتیاب ہوکر واپس آئیں گے کوئی بھی ان کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا۔

مزید : صفحہ اول