قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون‘ آٹھویں راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

  قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون‘ آٹھویں راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے سنٹرل پنجاب کے خلاف 9 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کی جانب سے خرم منظور اور جاہد علی نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ خرم منظور 85 اور جاہد علی 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے درمیان 140 رنز کی مضبوط شراکت نے سندھ کو پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ شہزر محمد اور سعد علی کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فواد عالم 42 اور سرفراز احمد 39 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 7وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز سے میچ کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو عثمان صلاح الدین 57 کے انفرادی اسکور پر تابش خان کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 246 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کے فاسٹ باؤلر تابش خان نے 85 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انور علی اور سہیل خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز خیبرپختونخوا کے نام رہا۔ ذوہیب خان کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 385 رنز اسکور کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے 146 رنز پر بلوچستان کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھجوادیا ہے۔ بلوچستان کی ٹیم تاحال 239 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے 8وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو ذوہیب خان اور عثمان شنواری نے اسکور بورڈ کو چلانے کاسلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان نویں وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ذوہیب خان نے سنچری اور عثمان شنواری نے نصف سنچری اسکور کی۔ ذوہیب خان نے 16 چوکوں کی مدد سے 133 رنز بنائے۔ 136 گیندوں کا سامنا کرنے والے عثمان شنواری 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ادھر کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر عمر صدیق اور ذیشان اشرف نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ عمر صدیق 58 رنز بناکر کریز پر موجود تاہم ذیشان اشرف 57 رنز بناکر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ سدرن پنجاب کی ٹیم تاحال پہلی اننگز میں 314 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل ناردرن نے حماد اعظم کی سنچری کی بدولت 7 وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ 5وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز کے مجموعے سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کرنے والے ناردرن کے آلراؤنڈر حماد اعظم نے 154 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔

  انہوں نے جمال انور اور نعمان علی کے ہمراہ بالترتیب 109 اور 66رنز کی شراکت قائم کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی