عوام جعلی وپانزئی سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں، ایس ای سی پی

عوام جعلی وپانزئی سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں، ایس ای سی پی

  



 اسلام آباد (این این آئی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عوام الناس کو انکے مفاد میں متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ  جعلی سرمایہ کاری اور پانزئی سکیموں جن میں عوام کو پر کشش اور غیر حقیقی منافع کا لالچ دیا جائے، میں سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں۔منگل کو جاری بیان کے مطابق ایس ای سی پی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ چند کمپنیاں، جن میں میسرز بی ایچ آن لائن جاب (ایس ایم سی پرائیویٹ)  لمیٹڈ، کارپوریٹ آٹو موبائلز (پرائیویٹ) لمیٹڈاور بیسٹ ڈے اینوویٹو سلوشن (پرائیویٹ)لمیٹڈ  شامل ہیں، غیر قانونی اور مشکوک کاروباری سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ایس ای سی پی کو ان کمپنیوں کے بارے میں متعدد شکایات بھی موصول ہوئیں ہیں۔ یہ کمپنیاں عوام کو کاروں،موٹر سائیکلوں اور گھروں کی لیزنگ /فنانسنگ وغیرہ کی سکیموں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ان کمپنیوں کی جانب سے یہ سرگرمیاں   غیر قانونی اور ممنوع ہیں اور جو کہ  کمپنیوں کے میمورنڈم آف ایسوسی ایشن  کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ ایس ای سی پی نے ان تینوں کمپنیوں کو بند کرنے کی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اس کے علاوہ،ایس ای سی پی کو بی فور یو (B4U) نامی  ایک کمپنی کے متعلق  بھی متعدد  شکایات موصول ہوئیں ہیں۔ یہ کمپنی   بھی مختلف سرمایہ کاری سکیموں کے نام پر عوام سے فنڈز اکٹھا کر رہی ہے  جو کہ خلاف قانون  ہے۔عوام الناس کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ ایسی سکیموں سے گمراہ ہو کر اہنا قیمتی سرمایہ خطرہ سے دوچار نہ کریں۔ایس ای سی پی کی جانب سے یہ انتباہ ان تمام سٹیک ہولڈرز اور عوام کے مفاد کے تحفظ کیلئے جاری کیا جا رہا ہے جو کہ ان کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین کر رہے ہیں۔

ایس ای سی پی 

مزید : صفحہ آخر