پاکستان میں 79ملین سے زیادہ لوگ بیت الخلاء کی سہولت سے محروم ہیں، کامران بنگش

پاکستان میں 79ملین سے زیادہ لوگ بیت الخلاء کی سہولت سے محروم ہیں، کامران بنگش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے خیبرپختونخوا پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ کا افتتاح منگل کو نشتر ہال پشاور میں کیا۔ بیت الخلاء کے عالمی دن کی مناسبت سے واٹراینڈ سنیٹیشن(واٹسن) سیل خیبرپختونخوا کی جانب سے منعقدہ تقریب سے کامران بنگش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیسیف کے مطابق اس وقت پاکستان میں 79 ملین سے زیادہ لوگ بیت الخلاء کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی یہ شرح زیادہ حوصلہ افراء نہیں ہے لہذا اسی ضرورت کو دیکھتے ہوئے واٹراینڈ سینیٹیشن سیل کے ساتھ مل کر محکمہ سائنس و آئی ٹی نے خیبرپختونخوا پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ کو متعارف کروایا جس سے نہ صرف عوام بلکہ سیاح خصوصی طور پر مستفید ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کے جتنے بھی محکمہ جات ہیں ان کے ساتھ ڈیجیٹلائزیشن کے سلسلے میں کام جاری ہے تاکہ صوبے کو ہر لحاظ سے مستحکم کیا جائے۔ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ہمارے صوبے میں ہر لحاظ سے استطاعت موجود ہے جس سے نہ صرف عوامی امور کو سرانجام دینے میں تیزی آئے گی بلکہ اس سے بہترین طرز حکمرانی کی جانب بھی پیش رفت ممکن ہوپائے گی۔ عالمی بیت الخلاء دن کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے صوبائی معاون کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ کے بنانے پر پہلے ہمارا مذاق اڑایا گیا لیکن ہم نے اس کے باوجود اس کو قابل عمل بنایا جس سے نہ صرف ہیضہ، ملیریا اور دیگر موذی امراض پر قابو ہوں گا بلکہ ماحول بھی پاک و صاف رہیگا۔ بیت الخلاء کا استعمال اور اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے پچھلے کئی سالوں سے عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ محکمہ سائنس و آئی ٹی کی کوشش ہے کہ صحت و صفائی کے حوالے سے بھی عوام کو آسانیاں دیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے مزید کہا کہ اگر دیگر صوبے چاہیں تو ہم اسی حوالے سے ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں تاکہ پاکستان کو پاک صاف ستھرا اور صحت مند بنانے میں اپنا کردار ادا سکیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سید رحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت مختصر وقت میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس ایپ کو واٹراینڈ سینیٹیشن سیل کے ساتھ مل کر جدید آپشنز کے ساتھ متعارف کروایا جو قابل ستائش عمل ہے۔ پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ میں عوام کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے فیڈبیک اور ری ویو کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بیت الخلاء سے فاصلہ وغیرہ بھی ایپ کے فیچرز میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کو ایک دیرپاسوچ کے تحت تیار کیا گیا ہے یعنی تحصیل میونسپل انتظامیہ عوامی شکایات اور تجاویز کو سنجیدگی کے ساتھ اور بروقت حل کریں گے۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ایپ ہے جبکہ اس سے پہلے یہ دنیا کے چند ممالک میں موجود ہے۔ تقریب سے واٹرسینیٹیشن سروسز کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو فیاض علی شاہ اور کوڈ فار پاکستان کے نمائندہ اور یونیسیف خیبرپختونخوا کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔