قبائلی اضلاع میں ثقافتی میلوں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا، عاطف خان

قبائلی اضلاع میں ثقافتی میلوں اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا، عاطف خان

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے ثقافت و سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے وہاں پر ثقافتی میلوں سمیت دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ثقافت کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کلچر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ سینئر وزیر نے محکمہ ثقافت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ قبائلی اضلاع میں مقامی ثقافت پر مشتمل ثقافتی میلوں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے لئے جلد ازجلد تمام تر تیاریاں مکمل کریں۔ڈائریکٹر کلچر نے سینئر وزیر کو ثقافتی سرگرمیوں کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سینئیر وزیر نے جاری تمام منصوبوں پر کام تیز کرنے اور ثقافتی فروغ کے لئے نئے منصوبے سامنے لانے کی ہدایت کی۔سینئر وزیر نے کہا کہ قبائلی اضلاع گزشتہ کئی دہائیوں سے محرومیوں کے شکار رہ چکے ہیں اس لئے اب وہاں پر تواتر کیساتھ ثقافتی اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائیگا۔قبائلی اضلاع کی ثقافت انتہائی پرکشش ہے جسے فروغ دیکر دنیا کو پیغام دیا جائیگا کہ قبائلی عوام دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند ہیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پشاور میں بہت جلد پڑوسی ممالک کی ثقافت پر مشتمل ایک گرینڈ ثقافتی میلے کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر