نواز شریف کو بھیجنے کا طریقہ کار غلط،دعا ہے صحت مند ہو کر جلد قانون کا سامنا کریں:تحریک انصاف

    نواز شریف کو بھیجنے کا طریقہ کار غلط،دعا ہے صحت مند ہو کر جلد قانون کا ...

  



اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دعا ہے نواز شریف جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکرقانون کاسامنا کر سکیں، وزیراعظم نے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی مثال قائم کی، عمران خان کوہرا نے کی  کوشش کرنیوالے ان سے ہارے اور آئندہ بھی ہاریں گے۔ منگل کو فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے کہا دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔انکی تندرستی کے لیے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکر قانون کا سامنا کر سکیں ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی ترقی اورعوامی خوشحالی کے مشن پرکاربندہیں، آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کیلیے بڑے ایکشن سامنے آئیں گے اور معیشت کی بحالی کے ساتھ عوام کیلیے آسانیاں بڑھتی جائیں گی۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان کوہرا نے کی  کوشش کرنیوالے ان  سے ہارے آئندہ بھی ہاریں گے، ایک طرف مافیاہے تو دوسری جانب عمران خان کی قیادت میں عوام ہیں۔وفاقی وزیربرائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی پر غم و غصے کا اظہار کرتے  ہوئے تنقید کی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’مجھے کیوں نکالا‘ سے ’خدا کیلئے مجھے نکالو‘کا سفراب اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے، ایسی لیڈرشپ جب ووٹ کیلئے عزت مانگتی ہے تو دراصل جمہوری نظام کا مذاق بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ورکرز سے ہمدردی ہے جو نواز شریف کو لیڈر مان کر دن رات کھجل خراب ہوتے رہے، (ن) لیگ کی قیادت نے اپنے ورکروں کو دغادیا۔دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اس طرح جانا معاشرے کی ناکامی کا تاثر گہرا ہوا ہے، اس فیصلے پر سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے حوالے سے غور کیا جائیگا، ہفتے کے دن ان کا فیصلہ ہوا جو پیر کو بھی ہو سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم نواز شریف کی صحت کے لیے دعا گو ہیں مگر جس طرح بھیجا گیا وہ طریقہ کار غلط ہے، میں سمجھتا ہوں کہ نواز شریف کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانا چاہیے، وہ سارے قیدی جو جیلوں میں ہیں کیا ان کا حق نہیں کہ ایک حلف نامہ دیں اور چلے جائیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہیں،آج کابینہ اجلاس میں متبادل توانائی کی پالیسی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی، نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں وہ نوکریوں سے زیادہ کاروبار کی طرف جائیں۔

 فردوس عاشق اعوان

مزید : صفحہ اول