حکومت ورلڈ بینک کی ایما پرواٹر بورد کی نجکاری سے باز رہے:حافظ نعیم

حکومت ورلڈ بینک کی ایما پرواٹر بورد کی نجکاری سے باز رہے:حافظ نعیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے لیے فراہمی و نکاسی آب کے ادارے واٹر بورڈ کی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایما پر نج کاری کی کوششوں اور تیاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ واٹر بورڈ کی نجکاری سے باز رہے،کراچی کو میگا میٹروپولیٹن سٹی کا درجہ دے کر یہ ادارہ اس کے ماتحت کیا جائے،جماعت اسلامی واٹر بورڈ کی نجکاری ہرگز تسلیم نہیں کرے گی،اس ادارے سے ڈھائی کروڑ آبادی والے اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے پانی کا معاملہ وابستہ ہے،ادارے کی قیمتی زمینیں اور املاک ایک اہم اثاثہ اورکراچی کے شہریوں کی امانت ہیں،اسے عالمی ساہوکار اداروں کے حوالے کرنا عوام کے ساتھ بڑا ظلم اور زیادتی ہوگی۔واٹر بورڈ کی ناقص کارکردگی اور نااہلی کی سزا کراچی کے عوام کو نہ دی جائے۔حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ اقربا پروری،سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں،رشوت،بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے باعث واٹربورڈ تباہی و بربادی کے دہانے تک پہنچ گیا ہے جن کی ذمہ داری ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کی حکومت پر عائد ہوتی ہے اس ادارے کا درست طریقہ پرچلنااور عوامی مسائل حل نہ ہونا حکو مت کی نااہلی ہے،اس نااہلی کو دور کرنے کے بجائے ادارے کی نجکاری کا فیصلہ مسئلہ کا حل نہیں ہے،حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کرے نجکاری کی اطلاعات کے باعث ادارے کے ملازمین اورعوام کے اندر بھی شدید بے چینی اور اضطراب پیدا ہو رہا ہے اور ماضی کے تجربات کی روشنی میں یہ اضطراب اور بے چینی درست ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک جانب واٹر بورڈ کی نجکاری کی کوششیں اور تیاریوں کے ساتھ ساتھ دوسری طرف صوبائی حکومت کے ذمہ داران کی جانب سے تردید بھی سامنے آ رہی ہے جبکہ ادارے میں نجی طور پر بھرتیوں کا اشتہار بھی جاری کیا جا رہا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے مگر جان بوجھ کر ابہام پیدا کر رہی ہے جو کسی صورت بھی درست نہیں۔ 

مزید :

صفحہ اول -