فرسودہ نظام نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے،محمد حسین محنتی

  فرسودہ نظام نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے،محمد حسین محنتی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام اور کرپٹ قیادت نے عوام کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے، تبدیلی کے دعوے دھوکہ ثابت ہوئے، حقیقی تبدیلی اور عوام کے مسائل کا حل صرف قرآن وسنت کے نفاذ میں ہے، قرآن مجید ایک انقلابی کتاب ہے جس کی تعلیمات کو عام کرکے اپنی دلوں کو منور اور معاشرے کو امن وسکون کا گھوارہ بنایا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ بولاخان کے قریب مقام کاپٹ کوہستان میں ادارہ نورالقرآن کے تحت منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا، قبل ازیں جلسہ سے ادارے کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر نصراللہ لغاری،مولانا عبدالقدوس احمدانی،پروفیسر رئیس احمد منصوری اور امتیاز احمد بلیدی سمیت دیگر علماء کرام واساتذہ نے بھی خطاب کیا۔ ادارے کے تحت اس سال 25طلباء نے ناظرہ قرآن کی تکمیل کی جس میں 3طالبات بھی شامل تھیں جن کی دستار بندی کی گئی۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اس دور جدید میں بھی کاپٹ شہر کے عوام پانی اور صحت وتعلیم جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، یہی حال کراچی تا کشمور پورے سندھ کا ہے، دوسری طرف حکمران سندھ میں ترقی وخوشحالی کے دعوے کرتے نہیں تھکتے، جو حکمران سگ گزیدگی ویکسین اور آر او پلانٹس کا ڈیزل بھی ہڑپ کرجائیں ان سے خیر کی امید نہیں کی جاسکتی، مقامی رہنماء مولانا امتیاز احمد بلیدی نے کہا کہ شہر میں چند لوگ ہی پڑھے لکھے ہیں،تھانہ بولاخان اور سپرہائی وے کے قریب واقعہ ہونے کے باوجود یہ شہر روڈ رستے،صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے،ادارہ نوالقرآن کے تحت بچوں کو دینی ودنیاوی تعلیم دیکر ان کے دلوں کو منور کیا جارہا ہے،پروفیسر نصراللہ لغاری نے کہا کہ ادارہ نورالقرآن کے تحت کاپٹ سمیت علاقے کے دیگر دوردراز گوٹھوں میں بھی قرآن مرکز قائم کرکے قرآن کے پیغام کو عام کیا جائے گا۔#

مزید : صفحہ آخر