پاکستانی فنکارتھائی لینڈ کے پرفضا مقامات پرشوٹنگ کریں،قونصل جنرل

  پاکستانی فنکارتھائی لینڈ کے پرفضا مقامات پرشوٹنگ کریں،قونصل جنرل

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات تھائی لینڈ کے قونصل جنرل تھاٹھری چویچتا نے کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔یہ پہلا اتفاق ہے کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کا شرف بخشا ہے۔وہ اپنی رہائش گاہ پر فلم ٹی وی فنکاروں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پرتھائی لینڈ کے ڈپٹی قونصل جنرل ایپی پین چی چاریہ (Apipan Cheecharea) اور تھائی ایئر کے کنٹری مینیجر کانا پوم ایپی نان کول(Kana poum Apinan Kul) نے بھی اظہار خیال کیا عشائیے میں ہمایوں سعید،فرحان آغا،ماریہ واسطی،ارم خان،مونا جے،ندیم بیگ،شہناز رمزی ودیگر فنکاروں نے شرکت کی۔قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستانی فنکارتھائی لینڈ کے پرفضا مقامات پر فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ کریں۔تھائی لینڈمیں 53 ایسے مقامات ہیں جو شوبز شخصیات کے لیے بہت سود مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال تھائی لینڈ میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ہر اس شخص کو ویزا جاری کردیا جا تاہے۔ جو ضروری دستاویزات اور معلومات فراہم کردے۔انہوں نے کہاکہ تھائی لینڈ پاکستان کے درمیان تجارت کو بڑھانا ضروی ہے۔پاکستان سے سی فوڈ درآمد کر نے کے لیے انہوں نے کراچی اور گوادر میں سی فوڈ فیکٹریز کا دورہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستانی کھانے شوق سے کھاتے ہیں بریانی اور لسی ان کی پسندیدہ کھانا اور مشروب ہے۔ڈپٹی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیگر شعبے کی طرح شوبز کے وفود کے تبادلے ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے۔کنٹری مینیجرنے کہا کہ کراچی اور لاہور سے بینکاک کے لیے روزانہ پروازیں چلائی جارہی ہیں جبکہ اسلام آباد سے ہفتے میں 4 پروازیں بینکاک جاتی ہیں ہماری کوشش ہے کہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اس وقت تھائی ایئر کے بیڑے میں 80 جہاز موجود ہیں تاہم ضرورت کے مطابق مزید جہاز خریدے جارہے ہیں پاکستانی روٹ پر ایئر بس 333 اور بوئنگ 777 استعما ل ہورہے ہیں۔شوبز فنکاروں نے کھانے پر مدعو کرنے پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آنا اعزاز سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کے کھانے ذائقہ دار اور پاکستانی کھانوں سے ملتے جلتے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر