کچی آبادیوں میں غیر قانونی کثیرالمنزلہ عمارتوں کونوٹس جاری

  کچی آبادیوں میں غیر قانونی کثیرالمنزلہ عمارتوں کونوٹس جاری

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کچی آبادیوں میں قائم غیر قانونی کثیرالمنزلہ عمارتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے سروے اور ان کو نوٹسز کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ان کے مالکان اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات آج انہوں نے سندھ کچی آبادی اتھارٹی کراچی ھیڈ کوارٹر آفس کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کراچی فیلڈ آفس کے دفتر سمیت لیز ریکارڈ روم، آڈٹ سیکشن، سروے سیکشن، اکاؤنٹ سیکشن کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کچی آبادی کے افسران اور عملے کی حاضری بھی چیک کی اور عملے سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ دورے کے موقع پرڈائریکٹر جنرل کچی آبادی انجم اقبال نے صوبائی وزیر غلام مرتضی بلوچ کو کراچی ھیڈ کوارٹر اور کراچی فیلڈ آفس کے متعلق آگاہی دی۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی کچی آبادی کو لیز رکارڈ سمیت آفس رکارڈ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی جی سندھ کچی آبادی اتھارٹی کو اسٹاف اور افسران کو وقت کی پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضی بلوچ نے کہا کہ کچی آبادیوں میں غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارتوں کے سروے اور نوٹسز دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے اورکچی آبادیوں کی ریگیولرائزیشن کے کام اور ریجنل ڈائریکٹرز کو وصولی اہداف بڑھانے میں متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید : صفحہ آخر