قومی کرکٹر ثنا میرکا انگلینڈ کیخلاف سیریز سے قبل بڑا اعلان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور ال راؤنڈر ثنا میر نے انگلینڈ کی سیریز سے قبل بڑااعلان کردیا۔ثنا نے کہا ہے کہ وہ کچھ وقت کیلئے بین الاقوامی کرکٹ سے الگ ہو رہی ہیں ۔یہ اعلان بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کیا گیا ہے۔
بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ثنا میر کی اس بریک کی مدت کیا ہو گی تاہم یہ کہا گیا ہے کہ وہ آئی سی سی کی ویمن چیمپیئن شپ کے میچوں اور دورۂ انگلینڈ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔
اس بیان میں ثنا میر کی جانب سے اس فیصلے کی واضح وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں تاہم اس کے مطابق ثنا میر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے لیے گئے وقفے کے دوران انھیں ایک مرتبہ پھر مستقبل کے لیے اہداف ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔
بی بی سی کے مطابق
ثنا میر نے کرکٹ کا آغاز سنہ 2005 میں 19 برس کی عمر میں کیا تھا اور 2009 میں انھیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا تھا۔
وہ گذشتہ برس آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون بولر بنی تھیں۔
33 سالہ ثنا میر پاکستان کی ویمن کرکٹ کی تاریخ کی پہلی کهلاڑی ہیں جنھیں 100 ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔