روڈز بلاک”پلان“ بھی عوام نے مسترد کردیا،مولانا حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں،فردوس عاشق اعوان

روڈز بلاک”پلان“ بھی عوام نے مسترد کردیا،مولانا حلقے میں جائیں، سیاسی طور ...
روڈز بلاک”پلان“ بھی عوام نے مسترد کردیا،مولانا حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں،فردوس عاشق اعوان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوا ن نے کہاہے کہ روڈز بلاک"پلان بھی عوام نے مسترد کردیا۔ مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں، حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ مولانا صاحب آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے تھے، ویسے ہی خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔انہوں نے کہاکہ آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں لیکن آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے، قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا اور ہل کر باہر جا گرا۔

معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے آپ کو مسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہا پسندی کے ساتھ نہیں،عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دئیے اور آپ کو پلان "ایگزٹ" کا سہارا لینا پڑا۔

فردوس عاشق اعوان نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "روڈز بلاک"پلان بھی عوام نے مسترد کردیا، مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں، حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں۔ مولانالشکر کشی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری طرزعمل اختیار کیا۔آپ کے احتجاج کے حق کو تسلیم کیا۔عمران خان کے دھرنے کے خلاف آپ کی نفرت انگیزی اوردھمکیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ یہ وہی پارلیمان ہے جس میں آپ کے فرزند آپ کی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ ان کی تنخواہ اور مراعات حلال اور جائز ہیں؟۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد