مہنگے ٹماٹر بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن

مہنگے ٹماٹر بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن
مہنگے ٹماٹر بیچنے والوں کیخلاف کریک ڈاﺅن

  



پشاور(ویب ڈیسک) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے مہنگے ٹماٹر بیچنے والے چھ افراد کو گرفتار کر کے ٹماٹروں سے بھرے تین ٹرک قبضے میں لے لئے ہیں۔ترجمان ڈی سی پشاور کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انقلاب روڈ پر واقع سبزی منڈی میں کارروائی کے دوران ٹرک اور ٹماٹر سرکاری تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر سے بھرے ٹرکوں کو منڈی سے باہر ریٹ بڑھانے کے لیے کھڑا کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بولی کے عمل کی نگرانی میں سرکاری نرخ نامہ جاری کر دیا ہے، مصنوعی بولی و گرانفروشوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاورنے انتظامی افسران کو سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے اس وقت ملک میں ٹماٹر کی مصنوعی قلت ہے اور قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تاہم ساڑھے چار ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد ہونے سے قیمتیں معمول پر آسکتی ہے۔اس ضمن میں گزشتہ دنوں حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی ٹماٹر کی درآمد پر ایک مہینے کے لیے پابندی اٹھا لی گئی تھی۔جس کے بعد بڑی تعداد میں ٹماٹر سے بھرے ایرانی ٹریلرسرحدی شہر تفتان سے پاکستان کے دیگر شہروں کے لئے روانہ کر دیے گئے تھے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور