ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن سکینڈل کیس ،وسیم اجمل 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت لاہور نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن سکینڈل کیس میں گرفتار وسیم اجمل کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی،نیب نے گرفتار ملزم وسیم اجمل کو عدالت میں پیش کردیا،نیب پراسیکیوٹرنے ملزم وسیم اجمل کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاکرتے ہوئے کہا کہ ملزم ایل ڈبلیو ایم سی میں منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھا،ملزم پر ایک ارب روپے ٹھیکوں کی مد میں کرپشن کا الزام عائد ہے۔وکیل ملزم نے کہا کہ 3ماہ کے کورس مکمل کرنے کے بعدگریڈ 21میں پروموشن ہوجائے گی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب کسی سرکاری افسر کو ایسے ہی اٹھا لیتا ہے یا کسی سے اجازت لیتا ہے،نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گریڈ 17سے اوپر کے افسر کی گرفتاری کیلئے چیئرمین نیب سے اجازت لی جاتی ہے،گرفتار کیے جانیوالے فرد کے ادارے کے سربراہ کوقانوناً بتانا ضروری نہیں ہے،عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو نیب کے حوالے کردیا۔