”نسیم شاہ بہترین دریافت ہے اور۔۔۔“ وسیم اکرم نے بھی بالآخر خاموشی توڑ دی

”نسیم شاہ بہترین دریافت ہے اور۔۔۔“ وسیم اکرم نے بھی بالآخر خاموشی توڑ دی
”نسیم شاہ بہترین دریافت ہے اور۔۔۔“ وسیم اکرم نے بھی بالآخر خاموشی توڑ دی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان وسیم اکرم نے نسیم شاہ کو بہترین دریافت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نے آسٹریلیا میں وارم اپ میچ کے دوران گہرا تاثر چھوڑا ہے جبکہ پاکستان میں فرسٹ کلاس میچز میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں، اگر کسی کے پاس رفتار کا ہتھیار ہے اور اس نے فرسٹ کلاس میں وکٹیں بھی حاصل کی ہوں تو وہ ٹیسٹ کرکٹ کیلئے تیار ہے، میری اور وقار یونس کی کرکٹ کا آغاز بھی 17 سال کی عمر میں ہوا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا سے واپس نہیں گئے اور اب سب ان کو کھیلتا اور پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کرکٹ کیلئے بھی یہ دور بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ نیا کوچ اور نئی انتظامیہ ہے جبکہ وقار یونس جیسے سابق عظیم باﺅلر کی رہنمائی بھی میسر ہے، ان سب کو مستحکم ہونے میں وقت لگے گا لیکن پاکستان کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے۔

مزید : کھیل